• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر، ایمنسٹی انٹرنیشنل کیخلاف مودی کی انتقامی کارروائیاں، نئی دہلی اور بنگلور میں دفاتر پر چھاپے

نئی دہلی /سرینگر(جنگ نیوز)مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کیلئے آواز اٹھانے کی پاداش میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کیخلاف مودی حکومت نے انتقامی کارروائیاںشروع کردیں اور سی بی آئی نے غیر ملکی فنڈنگ کے قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر نئی دہلی اور بنگلور میں چھاپے مارےہیں ۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دنیا کو دکھانے سے روکنے کیلئے مودی سرکار نے ایک اور بھونڈی کوشش کرتے ہوئے بین الاقوامی تنظیم کے دفاتر پر چھاپے مارنا شروع کر دیئے۔دنیا کو بھارت کا مکروہ چہرہ دکھانے والی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے نئی دہلی اور بنگلور میں واقع دفاتر پر چھاپے مارے گئے اور عملے کو ہراساں کیا گیا۔بھارتی سی بی آئی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چھاپے وزارت داخلہ کی جانب سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کی شکایت کے بعد مارے گئے تاہم بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کارروائی میں کوئی شواہد بھی ہاتھ لگے یا نہیں۔برطانوی غیر سرکاری تنظیم نے بیان میں ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل بین الاقوامی قوانین کے مطابق بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھاتی رہے گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے بیان میں ان چھاپوں کے حوالے سے کہا کہ بنگلورو میں تین مقامات اور نئی دہلی میں ایک مقام پر چھاپہ مارا گیا اور تلاشی لی گئی۔سی بی آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ ʼادارے نے وزارت داخلہ کی شکایت پر ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا پرائیوٹ لمیٹڈ، انڈینز فار ایمنسٹی انٹرنیشنل ٹرسٹ، ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا فاؤنڈیشن ٹرسٹ اور دیگر کے خلاف 5 نومبر کو مقدمہ درج کیا تھا۔بیان میں کہا گیا کہ ʼشکایت میں ان تنظیموں پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا پرائیوٹ لمیٹڈ کے ذریعے ایمنسٹی انٹرنیشنل برطانیہ سے مالی تعاون حاصل کرکے فارن کنٹریبیوشن (ریگولیشن) ایکٹ 2010 اور آئی پی سی کی شقوں کی خلاف ورزی کی۔سی بی آئی کا کہنا تھا کہ ʼایف سی آر اے کے تحت پیشگی اندراج کی درخواست مسترد کیے جانے کے باوجود ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا فاؤنڈیشن ٹرسٹ اور دیگر ٹرسٹ نے بیرون ملک سے فنڈز وصول کیے۔

تازہ ترین