• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سرکلر ریلوے سندھ حکومت کو دینے کو تیار ہیں، شیخ رشید

وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے سندھ حکومت کو دینے کے لیے تیار ہیں۔

راولپنڈی میں وقار النسا کالج برائے خواتین میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ سرکلر ریلوے کے لیے 38 کلو میٹر ٹریک واگزارا کرالیا ہے گیا ہے، پانچ کلو میٹر ٹریک کے اطراف تجاوزات ختم کرانے کے لیے حکومت سندھ کھڑی ہو۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ٹرین حادثے نہیں ہونے چاہیے، عملہ میری ساری محنت پر پانی پھیر دیتا ہے۔

انہوں نے جے یو آئی( ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی غلط فہمی دور ہوگئی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی فضل الرحمٰن کے ساتھ نہیں ہے، ق لیگ انڈر 19 نہیں، حکومت کی اتحادی جماعت ہے۔

شیخ رشید احمد نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کی بیماری سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیمار ہیں، روز روز بیماری بیماری کھیل رہے ہیں ان کو جانے دیں،   بیمار شخص ہے زیادہ سیاست نہ کریں کہیں فلم الٹی نہ ہوجائے ، اس معاملے پر سیاست نہ کی جائے گی۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئر پرسن آصف علی زرداری سے متعلق بھی بات کی اور کہا کہ زرداری صاحب کے کیس میں 5 افراد پھنسے ہوئے ہیں۔

تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی ہے، گورننس کا معاملہ ہے، وزیراعظم عمران خان اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔

شیخ رشید نے تعلیم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں رتہ امرال کے رکشہ ڈرائیور کی بیٹی نے ٹاپ کیا ، شہر میں اور کوئی کام کیا ہو یا نہیں، تعلیمی کام بہت کراوئے ہیں، دو لاشیں گھر لے گئے مگر راولپنڈی میڈیکل کالج بنایا،

شیخ رشید کا تقریب سے خطاب کے دوران مزید کہا کہ راولپنڈی میں دو مزید یونیورسٹیاں بنانے جارہا ہوں، راولپنڈی پاکستان کا واحد شہر ہوگا جہاں چار یونیورسٹیاں ہوں گی۔

انہوں نے اپنے ماضی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ لال حویلی کے پاس کتابیں بیچتا تھا اوراس کے بعد 8 دفعہ وزیر بنا۔

تازہ ترین