وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ وزیرِ اعظم پر انگلی اٹھا کر احسن اقبال گنہگار ہوئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں نون لیگی رہنما احسن اقبال کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ عدالتی سزا یافتہ کو معصوم ثابت کرنے کے لیے عمران خان کی امانت و دیانت پر انگلی اٹھا کر احسن اقبال گنہگار ہو رہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لٹیرا لیگ احسن انداز میں جھوٹ کا اقبال بلند کر رہی ہے، آپ کی قیادت کے تمام اکاؤنٹس ہی فارن میں ہیں، کاروبار اور علاج بھی فارن میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاناما کی کرپشن اور کالی کمائی کے انبار قوم بھول نہیں گئی، چیف الیکشن کمشنر کو سیاسی دھمکیاں دینا بند کریں۔
وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی نے کہا کہ سپریم کورٹ پر آپ نے حملہ کیا یا بریف کیسوں کی چمک آپ دکھاتے رہے، آج نئے بھیس میں پھر قوم کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ احسن صاحب آپ جس مشن ٹوئنٹی ٹوئینٹی پر ہیں وہ پورا نہیں ہونے والا، عمران خان 2018ء میں 5 سالہ سیریز جیت چکے ہیں۔
دوسری جانب سیالکوٹ میں جی سی یونیورسٹی میں فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی مخالفین پر اشعار کی صورت طنز کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔
فردوس عاشق نے کہا کہ علاج کے نام پر ایئر ایمبولینس کو منگوایا گیا، لیکن وہ گئے قطری طیارے میں، لندن میں نواز شریف کی تصویریں سب بولتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: رہبر کمیٹی کو خود رہبری کی ضرورت ہے: فردوس
انہوں نے کہا کہ تصویریں بتا رہی ہیں کہ میاں صاحب کی صحت کو کیا کیا خطرات لاحق ہیں لہٰذا قوم امید کرتی ہے کہ علاج معالجے کے بعد میاں نواز شریف واپس آئیں، قانون ان کا علاج کرنے کے لیے بے چین ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رہبر کمیٹی رہزن کمیٹی بنی ہوئی ہے، کمیٹی کے ہر رکن پر خوف طاری تھا، ان کو عوام کی نہیں اپنی سیاسی دکانداری کی فکر ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف میں جمہوریت ہے، جمہوریت میں ہر کسی کو آزادیٔ اظہارِ رائے کا حق حاصل ہوتا ہے، ہر شخص اپنی سوچ کا آزادانہ اظہار کرتا ہے۔
وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ہم عدلیہ کو خودمختار اور آزاد ادارے کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آپ اس الیکشن کمیشن کی طرف انگلیاں اٹھاتے ہیں جس نے الیکشن کرائے، یہ قول و فعل کا تضاد ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن تحریکِ انصاف کے خلاف درخواست بھی سنے، جو درخواستیں پی ٹی آئی نے دیگر جماعتوں کے خلاف الیکشن کمیشن میں دی ہیں وہ بھی سنی جائیں۔
فردوس عاشق کا مزید کہنا ہے کہ ہمیں رول آف لاء کو یقینی بنانا ہے، جس کے لیے ہم سب سے پہلے خود کو احتساب کے لیے پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کہ پی ٹی آئی احتساب پر یقین رکھتی ہے، عوام کو ریلیف ملے گا تو ڈگڈگی بجانے والوں کی دکانیں بند ہو جائیں گی۔