جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں ایم کیو ایم لندن کا دہشت گرد یوسف عرف ٹھیلے والا اپنے ویڈیو بیان سے مکر گیا۔
ماتحت عدالت میں ملزم یوسف عرف ٹھیلے والا چند روز قبل نیوز چینلز پر نشر ہونے والے بیان سے بھی مکر گیا ، یوسف عرف ٹھیلے والے نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ میں نے آج تک کوئی قتل نہیں کیا میں صرف لاشوں کو ٹھکانے لگاتا تھا ۔
یوسف عرف ٹھیلے والا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ندیم ماربل اور ریاض عرف چاچا لوگوں کو اغواء کرکے قتل کرتے تھے میں قتل کی واردات کے بعد لاش ٹھیلے پر رکھ کر ٹھکانے لگاتا تھا۔
ملزم نے بتایا کہ میں نے 1995 سے 1997 تک 15 سے 20 لاشوں کو ٹھکانے لگایا ہے، مجھے 1997 میں رینجرز نے گرفتار کیا اور 7سال سزا کاٹنے کے بعد رہائی ملی۔
پولیس آئی او نے عدالت کوبتایا کہ ملزم کے خلاف ایس ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ کی اجازت کے بعد مقدمہ ری اوپن کیا گیا ہے۔
ملزم سے تفتیش درکار ہے لہذا ریمانڈ دیا جائے عدالت نے پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہےکہ ملزم کے خلاف 1995 میں درج 24 سال پرانا مقدمہ ری اوپن کیا گیا ہے، ملزم کو آج سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔