اسلام آباد (اے پی پی) برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے سربراہ محمد عثمان نے کہا ہے کہ نیب ملزمان کے برطانیہ میں اثاثوں کا ڈیٹا جلد پاکستان کو فراہم کریں گے، برطانیہ بد عنوانی کے خاتمے کے لئے پاکستان سے مل کر کام کررہا ہے، بد عنوان عناصر کو سخت سزائیں دے کر اس کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو نیب راولپنڈی کے زیراہتمام انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب بد عنوانی کی روک تھام کے لئے آگاہی، تدارک اور انفورسمنٹ کی سہ جہتی پالیسی پر عمل پیرا ہے، بد عنوان عناصر سے لوٹے ہوئے پیسے وصول کرکے ملکی معیشت مستحکم کی جا سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے سربراہ محمد عثمان نے کہا کہ کرپشن سے ہر شخص متاثر ہوتا ہے، اس لعنت کا مشترکہ کوششوں سے خاتمہ کیا جاسکتا ہے، بد عنوانی سے معیشت کمزور ہوتی ہے، انسانی حقوق متاثر ہوتے ہیں، غربت میں اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے انسداد بد عنوانی کے اداروں کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر معلومات کا تبادلہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو برطانیہ میں بد عنوانی کے متعدد مقدمات میں کامیابی ملی ہے، بد عنوانی کی روک تھام کے لئے مؤثر مانیٹرنگ کی ضرورت ہے۔