ایک روشن اور کشادہ لیونگ روم بنانے کے لیے شروعات کرنے سے پہلے آپ کو ذہنی طور پر کئی معاملات میں واضح ہونا پڑے گا۔ کیا آپ نئے سرے سے لیونگ روم ڈیزائن کرنا چاہتے ہیں یا موجودہ ڈیزائن کو برقرار رکھتے ہوئے اس کی تزئینِ نو کرنا چاہتے ہیں؟ آپ کو اس بات کا بھی تعین کرنا پڑے گا کہ آپ لیونگ روم کو کن کن مقاصد کے لیے استعمال کریں گے، جس کے لیے ایک ’وِش لسٹ‘ بھی بنا لیں۔
آپ لیونگ روم میں بیٹھ کر ٹیلی ویژن انجوائے کرنا چاہتے ہیں یا اسے فیملی اور دوستوں کے ساتھ گپ شپ اور سکون حاصل کرنے کی جگہ بناناچاہتے ہیں؟ کیا لیونگ روم میں کھانے پینے کے لیے کوئی جگہ مختص کرنا چاہتے ہیں؟ کیا کسی کونے میں ورک اسٹیشن بھی بنانا چاہتے ہیں؟
درست جگہ کا انتخاب کریں
لیونگ روم ڈیزائن کرنے کے لیے آپ کی اسکیم ایسی ہونی چاہیے جو عملی اور بصری، دونوں لحاظ سے کام کرے۔ لیونگ روم میں کرنے کا پہلا کام یہ ہوتا ہے کہ آپ ایک ’فوکل پوائنٹ‘ بنائیں، چاہے وہ ایک زبردست منظر ہو، کوئی واٹر فیچر ہو یا پھر ٹیلی ویژن کو بھی فوکل پوائنٹ بنایا جاسکتا ہے۔ ’اس کا دارومدار اس بات پر ہوتا ہے کہ آپ لیونگ روم کو کس مقصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں‘، ایسا کہنا ہے باربرا جینڈا بیسپوفرنیچر کی بانی اور سی ای او باربرا جینڈا کا۔ ’اگر لیونگ روم بڑے سائز کا ہے اور آپ کی سوچ اسے اوپن پلان کے تحت ڈیزائن کرنے کی ہے تو آپ کو اس بات پر غور کرنا ہوگا کہ آپ فرش کی تقسیم کیسے کریں گے، شاید وہاں آپ ایک ہوم سنیما، ایک پڑھنے لکھنے کا کونا (ریڈنگ ایریا) اور ایک ریفریشمنٹ کرنے کا ایریا بنانا چاہیں گے۔
اس تقسیم کے لیے آپ اسکرینز، کوفی کاری (لکڑی پر سیدھے خطوط پر مبنی کوفی طرز سے کٹاؤ کا کام) کے پینلز یا پھر فرنیچر جیسے روم ڈیوائیڈر اور صوفوں کا ذہانت مندانہ اور تخلیقی استعمال کرسکتے ہیں۔ ایسا کرنے کے بعد آپ تقسیم شدہ حصوں کو مزید چھوٹے چھوٹے کاموں کے لیے بھی تقسیم کرسکتے ہیں‘۔
اگر آپ کو کسی بڑے ’اوپن اسپیس‘ کو ڈیزائن کرنے کا موقع مل رہا ہے، تو اس میں آپ کےلیے سب سے چیلنجنگ فیصلہ ’باورچی خانےکی جگہ کا تعین‘ کرنا ہوگا۔ باورچی خانہ کی پوزیشن کی مناسبت سے ہی آپ ڈائننگ یا بیٹھک کی جگہ کا تعین کرپائیں گے۔ ہر زون کو ایک قالین کے ذریعے واضح کریں، اوپن شیلف کے ذریعے انہیں تقسیم کریں اور سیٹنگ ارینجمنٹ آرام دہ گروپس میں کریں۔
ڈیزائن پر کام کریں
جب ہم کسی لیونگ اور ڈائننگ اسپیس کے بارے میں سوچتے ہیں تو ایک بڑے مستطیل کمرے کی شکل ہمارے ذہن میں اُبھرتی ہے۔ یہاں درمیان میں ایک صوفہ اور اس کی پچھلی طرف کنسول ٹیبل رکھ کر ڈسپلے کے لیے فوکل پوائنٹ اور ٹیبل لیمپ کی جگہ بنائی جاسکتی ہے۔
L-Shapedجگہوں کو مختلف حصوں میں آسانی سے تقسیم کیا جاسکتا ہے، جس میں چھوٹے حصے کو ہوم آفس یا ڈائننگ ایریا کے لیے تیار کرنا بہتر رہتا ہے۔ ایسی جگہ پر درمیان میں فوکل پوائنٹ بنانے کا مقصد بھی یہی ہوتا ہے کہ L-Shapedجگہیں اپنی طول کے بجائے ارض میں تنگ محسوس ہوتی ہیں اور درمیان میں فوکل پوائنٹس اس تنگی کے احساس کو ختم کرتا ہے۔ مربع یا چوکور کمرے میں فوکل پوائنٹ بنانا اور بھی زیادہ اہم ہوتا ہے۔
فرنیچر کی جگہ کا تعین
ایک گراف بنائیں، جہاں نقشہ سازی کے تحت فرنیچر رکھنے کی جگہوں کے نشان لگائیں۔ فرنیچر کا ایک اہم اصول جو بہت کم لوگوں کو معلوم ہوتا ہے، وہ یہ کہ کافی ٹیبل، صوفے کی آدھی چوڑائی کے برابر ہونی چاہیے۔ مزیدبرآں، اگر آپ اسے قالین پر رکھنا چاہتے ہیں تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ ٹیبل کے اطراف میں قالین 30سے 50سینٹی میٹر باہر نکلا ہونا چاہیے۔ بڑے سائز کا فرنیچر (جیسے کارنر صوفہ) رکھتے وقت اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ وہ اتنا بڑا نہ ہو کہ دروازے سے گزرنے میں رکاوٹ پیدا کرے۔
سِیٹنگ اہم ہے
آرام دہ سِیٹنگ پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ کوئی بھی صوفہ جذبات میں آکر نہ خریدیں۔ ہوسکتا ہے کہ شو روم میں اسکرول آرم ماڈل یا بڑا سا چار سیٹوں والا صوفہ آپ کو انتہائی متاثرکن لگے، تاہم وہ آپ کے لیونگ روم میں تنگی کی وجہ بن سکتا ہے۔
ہرچندکہ کارنر صوفہ بڑا بڑا لگتا ہے لیکن اگر آپ ایک خاندان کی صورت میں ساتھ رہتے ہیں تو آپ کے لیے یہ ایک اچھا انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔ مارکیٹ میں ایسے کئی کارنر صوفے دستیاب ہیں، جنھیں مختلف مقاصد جیسے بیٹھنے، سونے اور اسٹوریج کے لیے استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔
کھڑکیاں اور فرش
ایک روشن لیونگ روم کی کھڑکیوں کے لیے بلائنڈز، شٹرز اور سلائیڈنگ پینل بلائنڈز مؤثر انتخاب ہوسکتے ہیں۔ اگر آپ کو پردے زیادہ پسند ہیں تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ پردوں کا ٹریک یا پول کھڑکی سے اس حد تک باہر نکلتا ہوا ہو کہ جب پردوں کو دیوار کے ساتھ لگایا جائے تو اس سے کھڑکیاں چھپنی نہیں چاہئیں۔
پینٹ اور وال پیپر کا انتخاب
دیواروں کیلئے پینٹ کے شیڈ یا وال پیپر کا انتخاب کرتے وقت اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ آپ کس طرح کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ دیوار کیلئے درست اسکیم کا انتخاب بنیادی جزو ہے۔ وسعت کا احساس پیدا کرنے کیلئے بڑے سائز کا پرنٹ استعمال کرنے پر غور کریں۔
چھت کیلئے سفید کے بجائے کسی اور رنگ کا سوچنے سے پہلے یہ ضرور سوچیں کہ نئے رنگ سے کمرے کی اونچائی تو کم محسوس نہیں ہوگی۔ اس لیے بہتر ہے کہ چھت کیلئے سفید نہیں تو کسی ہلکے شیڈ کا انتخاب کریں۔