• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریل سٹرائیک سے کرسمس کی شاپنگ کرنیوالوں کو دہری مشکل

لندن (پی اے) ریل سٹرائیک اور انجینئرنگ ورک کے باعث کرسمس کی شاپنگ کرنے والوں کو دوہری مصیبت جھیلنی پڑی۔ ٹرینز پر گارڈز سے متعلق ایک پرانے تنازع کے باعث ریل ورکرز کی ہڑتال اور اس کے ساتھ انجینئرنگ ورک کا بھی مل جانا مسافروں کیلئے دردسر بن گیا۔ سائوتھ ویسٹرن ریلوے میں ریل، میری ٹائم اور ٹرانسپورٹ (آر ایم ٹی) یونین کے ارکان نے اپنے 27روزہ احتجاج کے تحت ہفتہ کو بھی ہڑتال کی۔ یو ایس ڈبلیو آر نیٹ ورک پر سٹیشنز کے باہر پکٹ لائنز پر ازدھام دیکھا گیا۔ اور ہڑتال سے کرسمس کے موقع پر شاپنگ ویک اینڈ پر بہت افراتفری پائی گئی۔ دو سال پرانا تنازع کرسمس کے تہوار کو بھی متاثر کررہا ہے۔ متعدد سروسز یا تو منسوخ کی گئیں یا بسوں سے مسافروں کو پہنچایا گیا۔ ٹرینز پر گارڈز کی تعیناتی اور ان کے افعال کے اوپر دو سال سے جھگڑا چل رہا ہے اور ریلوے حکام اور یونین کے درمیان اس پر ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ مسئلہ زیادہ گھمبیر اس وقت ہوگیا جب انجینئرنگ اور مینٹیننس ورک کے ملازمین بھی اس ہڑتال میں شامل ہوگئے اور متعدد لائنز بند ہوگئیں۔ مثلاً بورن مائوتھ اور پول کے درمیان اور لندن واٹرلو اور کنگسٹن کے درمیان لائنیں بند ہوئیں۔ ایس ڈبلیو آر کے مینجنگ ڈائریکٹر اینڈی میلرز کا کہنا تھا کہ نئے مذاکرات اسی پر ہونگے کہ یونین مسافروں کے تحفظ کیلئے کوئی نیا حل کے کر آئے۔ آر ایم ٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ یونین طے شدہ بات چیت پر ڈٹی رہے گی کیونکہ ہمارا مقصد مسافروں کی ضمانت ہے اور ہمارے تمام ارکان اس پر متفق و متحد ہیں۔
تازہ ترین