• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سری لنکن شیروں کے استقبال کیلئے پاکستانی کرکٹ پروانے بےتاب، اسلام آباد آج آمد

سری لنکن شیروں کے استقبال کیلئے پاکستانی کرکٹ پروانے بےتاب


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی رونقیں بحال کرنے سری لنکن شیر پیر کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ مہمانوں کیلئے استقبال کیلئے پاکستان کرکٹ پروانے بے تاب ہیں۔ ٹیسٹ سیریز کے لئے روانگی سے قبل سری لنکن ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ فاسٹ بولر سورنگا لکمل ڈینگی بخار کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کی جگہ آسیتھا فرنینڈو کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سری لنکا کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر ہوں گے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم اتوار کو پنڈی پہنچ گئی پیر کو صبح دس بجے پریکٹس سیشن ہوگا۔ آئی لینڈرز ٹیم نے روانگی سے قبل روایتی پوجا پاٹ کی۔ سری لنکن ٹیسٹ ٹیم کے کپتان دیموتھ کرونا رتنے کا کہنا ہے پہلی بار پاکستان کا دورہ کر رہا ہوں، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں یہ ہماری پہلی بیرون ملک سیریز ہو گی۔پاکستان کو سیریز میں شکست دینے کے لیے پرُعزم ہیں۔ دریں اثنا 37سال پہلے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا گیا اس میچ میں دونوں ٹیموں کی قیادت کرنے والے کپتان جاوید میاں داد اوربندولا ورنا پورا بدھ کو پنڈی کے تاریخی ٹیسٹ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو ہوں گے ۔ اس میچ کی اہمیت اس لحاظ سے زیادہ ہے کہ دس سال بعد پاکستان کے گرائونڈز پر ٹیسٹ کرکٹ واپس آرہی ہے۔ میانداد اور بندولا ورنا پورا ٹیسٹ میچ سے قبل 10 دسمبر کو سیریز کی ٹرافی کے فوٹو شوٹ میں شرکت کریں گے۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول میچ کے پہلے روز کھانے کے وقفے کے دوران دونوں سابق کرکٹرزکی خدمات کے اعتراف میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان اور سری لنکا کا پہلا میچ مارچ 1982میں نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ میچ میں پاکستان نے چھ کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دے کر 204 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ میزبان ٹیم نے میچ کی پہلی اننگز میں 396 اور دوسری اننگز میں 4وکٹ پر 301 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئر کردی تھی۔ مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 344 اور دوسری اننگز میں 149 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ دونوں سابق کپتانوں کے شکرگذار ہیں جو اپنے مصروف شیڈول میں سے وقت نکال کر راولپنڈی آرہے ہیں۔ 11دسمبر قومی کرکٹ کی تاریخ میں ایک اہم دن ہے اور جاوید میانداد اور بندولا ورنا پورا کے ساتھ مل کر اس کا جشن منائیں گے۔ ہم سابق کرکٹرز کی خدمات کا اعتراف کرتے رہیںگے۔

تازہ ترین