• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب دھند کی لپیٹ میں، ٹریفک، فلائٹ شیڈول متاثر

پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے گہری دھند کی لپیٹ میں


پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے گہری دھند کی لپیٹ میں ہیں، میدانی علاقوں میں حدِ نگاہ شدید متاثر ہونے سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ مختلف ایئر پورٹس پر فلائٹ شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔

لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، وہاڑی، گجرات، سرگودھا سمیت پنجاب کے اکثر علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں۔

موٹر وے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر رینالہ، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودہراں، بہاولپور، مسافر خانہ، احمد پور شرقیہ، ترنڈہ محمد پناہ اور ظاہر پیر میں دھند کا راج ہے۔

فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ضلع وہاڑی میں اس وقت شدید دھند کی وجہ سے حدِ نگاہ صرف 50 میٹر رہ گئی ہے، جبکہ ملتان میں آج شدید دھند سے حدِ نگاہ 100 میٹر رہ گئی۔

موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ دھند کے باعث موٹر وے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک جبکہ شور کوٹ سے گوجرہ اور فیصل آباد سے گوجرہ ٹریفک کے لیے بند ہے۔

دھند اور سردی کے باعث ناصرف ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا ہے، بلکہ ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔

ادھر سندھ میں بھی صبح سویرے متعدد شاہراہوں پر شدید دھند ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی اور پنجاب میں صبح سویرے دھند کا راج

یہ بھی پڑھیئے: لاہور سے بہاولپور تک دھند کے باعث حدِ نگاہ کم

لاہور ایئر پورٹ پر شدید دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے، ایئر پورٹ کے رن وے پر حدِ نگاہ 200 میٹر ہو گئی ہے جس کے باعث لاہور آنے اور جانے والی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔

ایئر پورٹ کے ذرائع کے مطابق دمام سے لاہور آنے والی پرواز ایکس وائے 883 کو اسلام آباد ایئر پورٹ بھیج دیا گیا ہے، اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 8385 منسوخ کر دی گئی۔

کراچی جانے والی پرواز پی کے 316 اور 313 بھی منسوخ ہو گئیں، ملتان سے مدینہ کی پرواز پی کے 715 تاخیر کا شکار ہے، جبکہ سیالکوٹ سے جدہ کی پرواز پی کے 745 چھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

تازہ ترین