لاہور، فیصل آباد، جھنگ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند سے معمولاتِ زندگی متاثر ہیں، حدِ نگاہ صفر ہونے کے باعث لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک دھند کے باعث موٹر وے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
ترجمان موٹر وے کے مطابق لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک موٹر وے کو حدِ نگا صفر ہونے پر بند کیا گیا ہے تاہم دھند چھٹ جانے پر اسے کھول دیا جائے گا۔
دوسری جانب قومی شاہراہ پر لاہور، چوہنگ، موہلنوال مراکہ ، مانگا منڈی، دینہ ناتھ، پھول نگر، جمبر، پتوکی، حبیب آباد، رینالہ خورد، اوکاڑہ اور ساہیوال بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جبکہ قومی شاہراہ پر حدِ نگاہ 50 میٹر تک ہے۔
موٹر وے پولیس کی جانب سے موٹر وے استعمال کرنے والوں کو دھند والی (فوگ) لائٹس کا استعمال کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز اور تیز رفتاری سے پرہیز کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: لاہور تا اوکاڑہ دھند پھیل گئی، حد نگاہ محدود
موٹر وے پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ موٹر وے پر سفر کرنے والے معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔