• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسانیت کی فلاح ہی میں خدا کی خوشنودی ہے، جب تک انسانیت کی خدمت اور انصاف کا بول بالا نہ ہو قوم ترقی نہیں کر سکتی،ان خیالات کا اظہار کشمیری محقق دانشور اور تحریک کشمیر کے راہنما بیرسٹر پرویز خان نے کوونٹری فلاور کے نوجوان راہنما راجہ اعجاز کو برٹش پاسپورٹ ملنے کی خوشی میں منعقدہ عشائیے کے موقعے پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اندر ترقی کرنے کا جذبہ پیدا کریں ۔برطانیہ میں مستقل سکونت حاصل کرنے کے بعد یہاں کے قوانین کو سمجھیں اور اس ملک کی ترقی اور خوش حالی کے لیے جدوجہد کریں۔ 

انہوں نے کہا کہ وہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہمہ تن مصروف رہتے ہیں کیوںکہ نوجوان ہی مستقبل کے معمار ہیں ،ان کی کامیابی اور ترقی سے ہی قومیں آگے بڑھتی ہیں۔ وہ انسانیت کی خدمت کے لیے اپنے دروازے ہمیشہ رکھیں۔ تقریب سے صحافی افضل کیانی ،نوجوان شاعر محمد بلال ،صحافی وقار ملک نے کہا کہ آج کے نفسانفسی کے دور میں ہمیں انسانیت کی خدمت اور اپنے بزرگان دین کی ہدایات و تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔ صوفیاء اسلام کے کلام اور ان کی تعلیم سے ہم نہ صرف ترقی کر سکتے ہیں بلکہ اپنا وقار بھی بلند کر سکتے ہیں ۔

اس موقعے پر شبیر اختر ایڈوکیٹ ،محمد عاصم ، عامر چوہدری و دیگر نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ اعجاز راجہ کو پاسپورٹ ملنے کی خوشی نے ہم سب کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ برطانیہ انسانی حقوق کو اولیت دینے والا ملک ہے۔ہم سب کو مل کر برطانیہ کی ترقی اور خوش حالی کے لیے جدوجہد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا، اس ملک کے قوانین کی عزت احترام ہمارا فرض ہے ۔راجہ اعجاز نے تمام دوستوں کا شکریہ ادا کیا ۔

تازہ ترین