• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی جریدے فوربز کی جانب سے جاری کردہ 2019ء کی رپورٹ میں جیف بیزوز کو دنیاکی امیر ترین شخصیت قرار دیا گیا تھا۔ اس رپورٹ میںمزید بتایا گیا تھا کہ جیف بیزوز کے اثاثوں کی مالیت129ارب ڈالرز ہے ۔ اتنے اثاثوں کی موجودگی میں یہ کہنا کہ جیف بیزوز کی رہائش بھی یقینا ًپرتعیش ہوگی کوئی تعجب کی بات نہیں ۔

2017ء کی واشنگٹن لینڈ رپورٹ میں جیف بیزوز کو ریاستہائے متحدہ امریکا کا 28واں بڑا لینڈ اونر قرار دیا گیا تھا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ امریکا میں جیف بیزوز کی لاکھوں ملین ڈالرز مالیت کی کئی پراپرٹیز موجود ہیں۔ ان میں 5.3ایکڑ پر مشتمل میڈینا ( واشنگٹن) اور بیورلی ہلز (کیلیفورنیا) کی پراپرٹیز شامل تھیں جبکہ ٹیکساس میں 30ہزارایکڑ اراضی پر پھیلے کھیت (Ranch) اور نیویارک اپارٹمنٹ جیسی پراپرٹیز کا ذکر بھی کیا گیا تھا۔ تاہم آج ہماراموضوع جیف بیزوز کاسب سے خاص اور ہیڈلائن کی زینت بنا رہنے والا واشنگٹن ڈی سی میں واقع مینشن ہے۔

ایمیزون کے بانی جیف بیزوز کی پراپرٹیز میں سب سے خاص امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں خریدا گیا مینشن ہے۔ 2013ء تک یہ مینشن ’ ٹیکسٹائل میوزیم‘ کے نام سے جانا جاتا رہا، تاہم 2016ء میں دنیا کی امیر ترین شخصیت جیف بیزوز نے 27ہزار مربع فٹ پر مشتمل اس مینشن کو 23ملین امریکی ڈالر میں خریدلیا۔ اس خوبصورت اور عالیشان مینشن کی خصوصیات ذیل میں درج ہیں ۔

اس مینشن کو واشنگٹن میں واقع تمام گھروں میں عالیشان اور رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا گھر ہونے کا شرف حاصل ہے۔ جیف بیزوز کا یہ مینشن چار منزلوں پر مشتمل ہے اور جب انھوں نے اسے خریداتھا تو اس وقت یہ مینشن 10بیڈروم، 14باتھ روم اور 11فائرپلیس پر مشتمل تھا لیکن بعد میں جیف بیزوز نے اس مینشن کی تعمیر نو کا فیصلہ کیا۔ تزئین نو کے لیے کی گئی نقشہ سازی کے تحت مینشن میں 11بیڈروم، 25باتھ روم، 5لیونگ روم، 2ایلیویٹر، 2لائبریریاں اوربال روم بنائے جانے ہیں اور ایک طویل عرصے سے تزئین نو کا عمل جاری ہے۔

جیف بیزوز کی ملکیت میں آنے سے قبل یہ مینشن ایک عرصے تک ’بے مثال ویڈنگ وینیو‘ بھی تسلیم کیا جاتا رہا، جس میں ایک ہی وقت میں 200کے قریب مہمانوں کی دعوت کا انتظام وانصرام بآسانی کیا جاسکتا تھا۔ تعمیراتی نقطہ نظر سے دیکھنے والے ماہرین جیف بیزوز کے لیے بھی اس گھر کو سماجی اور خاندانی تقریبات کے لیے ایک بہترین جگہ قرار دیتے ہیں۔

واشنگٹن ڈی سی میں واقع جیف بیزوز کے اس مینشن کی ایک اور خاص بات ان کے امیر ترین پڑوسی ہیں،جن میںسب سے خاص امریکا کے سابق صدر باراک اوباما ہیں، جو صدارت سے سبکدوشی کے بعد سے واشنگٹن ڈی سی کے علاقے کالوراما میں واقع 53لاکھ امریکی ڈالر مالیت کے مکان میںرہائش پذیر ہیں۔ بارک اوباما کے علاوہ یہاں امریکا کے کئی اور سابق صدور بھی رہائش پذیر ہیں، جن میں امریکا کے 27ویں صدر ولیم ہوورڈ ٹیفٹ، 28ویں صدر ووڈرو ولسن، 29ویں صدر وارن جی ہارڈنگ، 31ویں صدر ہربٹ ہوور اور امریکا کے 32ویںصدر فرینکلن ڈی روزویلٹ جیسی مشہور ومعرو ف شخصیات قابل ذکر ہیں ۔

جیف بیزوز کے مینشن کو منفرد وجوہات کی بناء پر واشنگٹن ڈی سی کے تاریخی مقام کا درجہ دیا جاتا ہے۔ جیف بیزوز کے مینشن کی تعمیر کی بات کی جائے تو 1912ء میں اس کے بانی جارج ہیوٹ میئر نے اس دور کےمشہور آرکیٹیکچرجان رشیل پوپ سے ایک مینشن تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔1915ء میں اس کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد جارج اپنی فیملی کے ہمراہ اس مینشن میں منتقل ہوگئے، جہاں وہ تقریباً 10سال رہے، جس کے بعد اس مینشن کو دنیا بھر کی ٹیکسٹائل انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے بطور میوزیم کھولا گیا۔

اگرچہ واشنگٹن ڈی سی میں خریدا گیا کروڑوں ڈالر مالیت کا یہ مینشن جیف بیزوز کے اثاثوں میں ایک حیرت انگیز اضافہ ثابت ہوا ہے لیکن اس گھر میں جیف بیزوز نے اب تک رہائش اختیار نہیں کی ہے۔

تازہ ترین