ہمارے ہاں شام کو چائے پینے کا رواج ازل سے ہے۔عام طور پر گھر کے تمام افراد کالج، یونیورسٹی اور دفتر سے شام تک لوٹ آتے ہیںاور دن بھر کی تھکن اتارنے کے لیے چائے سے بہتر انتخاب اور کیا ہوسکتا ہے۔سب گھر کے لوگ مل بیٹھ کر گپ شپ بھی لگاتے ہیں اور چائے بھی پیتے ہیں۔شام کی چائے کے ساتھ کچھ نا کچھ کھانے کے لیے بھی ضرور سرو کیا جاتا ہے۔
ایسے میں اگر مزیدار رولز بنا کر سرو کیے جائیں تو کیا ہی بات ہے۔چائے کا مزہ دوبالا ہو جاتا ہے۔رولز چائے کے ساتھ خوب ذائقہ دیتے ہیں جبکہ ان کو موڈ کے مطابق کبھی بھی بنایا جاسکتا ہے۔مائیں بچوں کو سکول کے لیے بھی مختلف رولز بنا کے دیتی ہیں۔بچے بھی خوب شوق سے کھاتے ہیں۔ طرح طرح کے مزیدار رولز کی چند تراکیب ملاحظہ کریں۔
کھٹی مصالحہ دار بوٹی رول
اجزاء۔
چکن۔ چھ سو پچاس گرام
نمک ۔حسب ِذائقہ
دہی ۔چار سے پانچ کھانے کے چمچ
لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)
زیرہ ۔ایک چائے کا چمچ (پسا ہوا)
دھنیا ۔ڈیڑھ چائے کا چمچ (پسا ہوا)
ہلدی۔ آدھا چائے کا چمچ (پسی ہوئی)
پیلا رنگ۔ حسبِ ضرورت
لیموں کا رس ۔ایک چوتھائی کپ
کالی مرچ ۔آدھا چائے کا چمچ
ادرک لہسن کا پانی۔ ایک کھانے کا چمچ
لال مرچ۔ حسب ضرورت (کٹی ہوئی)
تیل۔ حسبِ ضرورت
پیاز ۔حسبِ ضرورت (رنگ میں کٹی)
رائتہ اور سلاد۔ سرونگ کے لئے
:پراٹھوں کے لئے
میدہ ۔آٹھ سو پچاس گرام
نمک ۔آدھا چائے کا چمچ
پانی ۔گوندھنے کے لئے
تیل ۔حسبِ ضرورت
ترکیب۔
پراٹھوں کے لئے:میدہ میں نمک اور گھی ملا کر اچھی طرح مکس کرکے پانی کی مدد سے گوندھ لیں۔
اب اسے تھوڑی دیر کے لئے چھوڑ دیں۔
پھر اس کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنا کر پراٹھے بیل کر توے پر تیل کی مدد سے فرائی کرلیں۔
مصالحہ دار دہی بوٹی کے لئے:چکن میں نمک، دہی، پسی لال مرچ، پسا زیرہ، پسا دھنیا، پیلا رنگ، پسی ہلدی، لیموں کا رس، کالی مرچ، ادرک لہسن کا پانی اور لال مرچ شامل کرکے آدھے گھنٹے کے لئے میری نیٹ کرلیں۔
اب کڑاہی میں تیل گرم کرکے چکن پکائیں۔
جب چکن گل جائے تو تھوڑا سا تیل شامل کردیں۔
چکن تیار ہوجائے تو پراٹھے میں چکن اور رنگ میں کٹی پیاز رکھ کر رول کرلیں۔
رائتے اور سلاد کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔
بیف بوٹی تکہ رول
اجزاء۔
گوشت۔ ایک پاؤ
دہی ۔ایک کپ
پپپتا۔ ایک کھانے کا چمچ
ہری مرچ پیسٹ ۔ایک کھانے کا چمچ
نمک۔ حسب ِضرورت
کُٹی لال مرچ۔ حسبِ ضرورت
زیرہ ۔ایک چائے کا چمچ
چاٹ مصالحہ۔ ایک کھانے کا چمچ
پیاز ۔ایک عدد (سلائس)
سلاد پتہ ۔حسب ضرورت
کوئلہ۔ ایک عدد
کوکنگ آئل۔ تین کھانے کے چمچ
سبز چٹنی کے لئے:
دھنیا ۔ایک گٹھی
پودینہ ۔ایک گٹھی
ہری مرچ۔ حسبِ ضرورت
نمک ۔حسب ِذائقہ
پراٹھے کےلئے:
میدہ ۔دو کپ
چینی ۔دو کھانے کے چمچ (پسی ہوئی)
نمک۔ ایک چائے کا چمچ
تیل ۔چار کھانے کے چمچ
بیکنگ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ
ترکیب۔
سب سے پہلے گوشت کو پپپتا اور آدھا کپ دہی لگا کر دو سے تین گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔
پھر ایک پیالے میں آدھا کپ دہی، ہری مرچ کا پیسٹ، نمک، کُٹی ہوئی لال مرچ، زہرہ اور چاٹ مصالحہ ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں۔
پھر پین میں کوکنگ آئل ڈال دیں۔
پین میں میری نیٹ کیا ہوا گوشت اور دہی کا مکسچر ڈال کر فرائی کر لیں۔
جب بوٹیاں خشک ہو جائے تو اس میں کوئلہ کا دھواں دیں۔
پراٹھوں کے لیے:میدے میں چینی، نمک، بیکنگ پاؤڈر تیل اور پانی ڈال کر گوندھ کر کچھ دیر کے لئے رکھ دیں۔
پھر پیڑے بنا کر بیل لیں اور توے پر گھی کی مدد سے پراٹھے بنا لیں۔
پراٹھوں میں حسب ِذائقہ چٹنی لگاکر تیار گوشت ڈال کر رول کر لیں۔
پھر اس کو سلاد پتہ اور پیاز کے ساتھ گرما گرم سرو کریں۔
سبز چٹنی کے لیے:تمام اجزاء کو بلینڈر میں اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔
ہاٹ اینڈ اسپائسی ریشمی کباب رولز
اجزاء۔
چکن کا قیمہ۔ آدھا کلو
گرم مصالحہ ۔ایک چائے کا چمچ
بھنا اور پسا زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ
پسی ہری مرچ ۔ایک چائے کا چمچ
نمک ۔ایک چائے کا چمچ
کُٹی لال مرچ ۔ایک کھانے کا چمچ
ادرک لہسن پیسٹ ۔ایک کھانے کا چمچ
کارن فلور۔ ایک کھانے کا چمچ
سفید مرچ ۔آدھا چائے کا چمچ
پسا کھوپرا۔ تین چائے کے چمچ
تیل۔دو کھانے کے چمچ
چھلے اور پسے بادام۔ دو کھانے کے چمچ
بھنا اور کُٹا دھنیا۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ
(چٹنی کے لیے)
دہی۔ ایک کپ
پسی ہری مرچ۔ ایک چائے کا چمچ
چاٹ مصالحہ ۔ایک چائے کا چمچ
پسی لال مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ
نمک ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ
(پراٹھے کے لیے)
میدہ ۔ڈھائی کپ
تیل ۔ایک کھانے کا چمچ
نمک ۔آدھا چائے کا چمچ
پانی ۔گوندھنے کے لیے
(پیسٹ بنانے کے لیے)
انڈے کی سفیدی۔ ایک عدد
پگھلا ہوا تیل۔دو کھانے کے چمچ
میدہ ۔دو کھانے کے چمچ
ترکیب۔
چکن کے قیمے کو چھلے اور پسے بادام، پسا کھوپرا، گرم مصالحہ، بھنا اور پسا زیرہ، کُٹی لال مرچ، سفید مرچ، نمک، بھنا اور کُٹا دھنیا، پسی ہری مرچ، ادرک لہسن کا پیسٹ، گھی اور کارن فلور سے میرینیٹ کریں۔
اب انہیں اچھی طرح مکس کر کے اسکیورز پر لگائیں۔
پھر انھیں ایک سو اسی سینٹی گریڈ پر بیس منٹ باربی کیو یا بیک کر لیں۔
آخر میں کوئلے کا دَم دے کر پراٹھوں کے ساتھ سرو کریں۔
(چٹنی بنانے کے لیے)
دہی پھینٹ کر اس میں پسی لال مرچ، چاٹ مصالحہ، نمک اور پسی ہری مرچ ڈال کر رول کے ساتھ سرو کریں۔
(پراٹھے بنانے کے لیے)
میدے کو نمک اور حسبِ ضرورت پانی کے ساتھ گوندھ لیں۔
اس ڈو کے آٹھ پیڑے بنائیں۔ ہر پیڑے کو چھوٹی پلیٹ کے برابر بیل لیں، اس پر تیار شدہ پیسٹ لگائیں۔
اسے دوبارہ رول کریں اور اس کا دوبارہ پیڑا بنا کر بیل لیں۔
آخر میں اسے گرم تیل میں فرائی کر کے پراٹھا بنا لیں۔
ہر پراٹھے پر ایک ریشمی کباب رکھیں۔
تھوڑی سی چٹنی ڈالیں اور رول کر کے گرم گرم پیش کریں۔
بیکڈ سگار رولز
اجزاء۔
چکن ۔دو سو گرام (بغیر ہڈی کے)
تازہ ڈبل روٹی۔
تیل۔ دو کھانے کے چمچ
پیاز ۔ایک عدد (درمیانہ، کٹا ہوا
شملہ مرچ۔ ایک عدد (کٹی ہوئی
آلو ۔ایک عدد (کدو کش کیا ہوا
گاجر ۔ایک عدد (کدو کش کی ہوئی
ٹماٹر۔ ایک عدد (کٹا ہوا)
ہری مرچ۔ دو عدد (کٹی ہوئی)
نمک۔ حسبِ ذائقہ
لال مرچ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ
چاٹ مصالحہ ۔ایک چائے کا چمچ
زیرہ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ
سویا سوس ۔دو چائے کے چمچ
لیموں کا رس۔ دو چائے کے چمچ
ترکیب۔
ایک پین میں تیل گرم کرکے اس میں پیاز کو فرائی کرلیں یہاں تک کہ پیاز کی رنگت ہلکی گلابی ہو جائے۔
پھر شملہ مرچ ڈال کر چند منٹ فرائی کرکے اس میں لہسن ڈال کر سوتے کرلیں۔
اب چکن شامل کرکے پکنے دیں یہاں تک کے اس کا رنگ تبدیل ہوجائے۔
پھر آلو، گاجر، ٹماٹر اور ہری مرچ ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔
پھر نمک، لال مرچ پاؤڈر، چاٹ مصالحہ اور زیرہ پاؤڈر ڈال دیں۔
اب تھوڑا سا پانی شامل کریں اسے ڈھانپ کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں یہاں تک کہ چکن نرم ہوجائے اور گَل جائے۔
سویا سوس اور لیموں کا رس شامل کرکے مکس کریں اور چولہے سے ہٹاکر ایک طرف رکھ دیں۔
ڈبل روٹی کے کنارے ہٹا دیں اور بیلن کی مدد سے اسے بیل کر پتلا کرلیں۔
پھر اس کے ایک طرف چکن مکسچر رکھیں اور دوسری طرف سے احتیاط کے ساتھ رول کر دیں اور پانی کی مدد سے کناروں کو بند کردیں۔
اب ان رولز کو پہلے سے چکنی کی ہوئی بیکنگ ٹرے پر رکھ کر180 سینٹی گریڈ پر بیک کرلیں یہاں تک کہ خستہ اور سنہرے ہو جائیں۔
کیچپ یا چلی گارلک سوس کے ساتھ سرو کریں۔
نوٹ: اگر آپ کے پاس اوون نہیں ہے تو آپ توا پر دونوں طرف سے ہلکی آنچ پر ٹوسٹ کرلیں۔
بوریتو رولز
اجزاء۔
ڈو کے لیے:
میدہ ۔دو کپ
بیکنگ پاؤڈر۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ
نمک ۔آدھا چائے کا چمچ
تیل ۔دو چائے کے چمچ
پانی ۔تین چوتھائی کپ
فلنگ کے لیے:
قیمہ یا سالن۔ حسب ِضرورت
بریانی، پلاؤ یا نوڈلز۔ حسبِ ضرورت
دہی سالسہ۔ ایک کپ
منٹ سوس ۔آدھا کپ
سلاد کے پتے۔ حسب ضرورت
پیاز۔ حسب ِضرورت( رنگز میں کٹی ہوئی)
ٹماٹر۔ حسب ِضرورت (سلائس میں کٹے ہوئے)
ترکیب۔
پہلے ایک پیالے میں میدہ، بیکنگ پاؤڈر، نمک، تیل اور پانی ڈال کر آٹے کی طرح گوندھ لیں اور آدھے گھنٹے کے لیے ڈھک کر رکھ دیں۔
اب اس کی چھوٹی چھوٹی چپاتیاں بنالیں اور سالن، قیمے، بریانی، پلاؤ یا نوڈلز سے فلنگ کر دیں۔
پھر اوپر دہی سالسہ اور منٹ سوس ڈال دیں۔
اس کے بعد اوپر سلاد کے پتے، پیاز اور ٹماٹر ڈال کر روٹی کی طرح رول کرکے درمیان سے کاٹ لیں۔
مزے دار بوریتو رولز تیار ہیں۔