• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف سے 48 گھنٹوں میں میڈیکل رپورٹس طلب

محکمہ داخلہ پنجاب نے نوازشریف سے 48 گھنٹوں میں میڈیکل رپورٹس طلب کرلیں


محکمہ داخلہ پنجاب نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کو خط لکھ کر 48 گھنٹوں میں ان کی میڈیکل رپورٹس طلب کرلیں۔

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے نوازشریف کے ساتھ ڈاکٹرعدنان اور عطا تارڑ کو بھی خط بھیجا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ نوازشریف کی صحت بہتر ہے اس لئے تازہ میڈیکل رپورٹ بھیجی جائیں۔

ذرائع پنجاب حکومت نے بتایا کہ فریقین کے درمیان اب تک 4 خطوط کا تبادلہ ہو چکا ہے،مسلم لیگ نون نے نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کے لیے پہلا خط لکھا تھا۔

اس سے قبل نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی تمام میڈیکل رپورٹس پنجاب کےمتعلقہ حکام سے شیئر کی گئی ہیں، نوازشریف کی تازہ رپورٹ آج پنجاب حکومت کے متعلقہ حکام کو بھیجی گئی ہے۔

واضح رہے کہ علاج کی غرض سے لندن میں مقیم سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اورشہباز شریف کی فیملی کے ہمراہ ہوٹل میں موجودگی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے شدید ردعمل کا اظہار کیاہے ۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نواز شریف‘ شہباز شریف‘ اسحاق ڈار اور دیگر کی لندن کے ہوٹل میں کھاناکھانے کی تصویر جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ لندن کے اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں ہونے والی ملاقات کے مناظر۔

کھا ئوپیو بیماری کا علاج انتہائی انہماک سے جاری ہے اور سارے مریض بہتر محسوس کر رہے ہیں۔

وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان سے رابطہ کر کے نوازشریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس فورابھجوانے کا کہا تھا۔

تازہ ترین