• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابینہ اجلاس: نواز شریف کی تصویر کا ذکر، اندرونی کہانی سامنے آگئی

کابینہ اجلاس: نواز شریف کی تصویر کا ذکر، اندرونی کہانی سامنے آگئی


وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا، جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان نے دوران اجلاس کہا کہ وزیراعظم صاحب! آپ نے نواز شریف کی ہوٹل والی تصویر دیکھی ہے؟

وفاقی وزراء کے سوال پر وزیراعظم عمران خان نے مسکراتے ہوئے کہا ’ہاں میں نے تصویر دیکھی ہے، یہ سب جھوٹے ہیں‘۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کی غیر موجودگی کا بھی نوٹس لے لیا گیا، کابینہ اجلاس کا خالد مقبول صدیقی پہلے ہی بائیکاٹ کرچکے ہیں۔

اجلاس میں اتحادیوں کے تحفظات پر چہ میگوئیاں ہوتی رہیں، کابینہ ارکان نے وزیراعظم سے کہا کہ حکومتی اتحادی اکثر و بیشتر اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے رہے ہیں، ان سے کیے گئے وعدے ہر صورت پورے کرنے چاہئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایم کیو ایم سمیت تمام اتحادی بہترین دوست ہیں، اتحادیوں کو ناراض نہیں کرسکتے، انہوں نے اتحادیوں کو منانے کا ٹاسک وزیر دفاع پرویز خٹک کے سپرد کردیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ( بی آئی ایس پی) میں دھوکا دہی کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی اور ریکوری کرنے کی ہدایت کردی ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے جب ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے پوچھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ( بی آئی ایس پی) سے استفادہ کرنے والے سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کا کیا بنا؟

ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو بتایا کہ ہم نے کارروائی شروع کردی ہےتاہم صوبے اس پر تیار نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ اس معاملے پر تمام چیف سیکریٹریز کو کارروائی کرکے رپورٹ دینے کی ہدایت کی جائے۔

تازہ ترین