• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کراچی (افضل ندیم ڈوگر) کراچی میں ٹریفک قوانین خاص طور پر "ون وے" کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جمعہ سے غیر معمولی آپریشن شروع کیا جارہا ہے۔ جس کے تحت شہر کے 100 مقامات پر سہہ پہر 3 سے شام 6 بجے تک ٹریفک پولیس کی خصوصی ٹیمیں ٹریفک قوانین خاص طور پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کریں گی۔ ان ٹیموں کو تھانہ پولیس کی مدد بھی حاصل ہوگی۔ شاہراہوں پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے موٹرسائیکل سواروں، کار ڈرئیوروں اور دیگر گاڑیاں چلانے والوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے غفلت اور لاپروائی کی دفعہ 279 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔ کراچی غلام نبی میمن نے بتایا کہ کراچی میں ایسے کم از کم 100 مقامات کی نشاندہی کی جاچکی ہے جہاں مختلف گاڑیوں کے ڈرائیور ون وے کی انتہائی خلاف ورزی کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان مقامات پر سنگین حادثات ہوتے ہیں اور بیشتر مقامات پر انسانی جانی نقصان بھی ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی اس طرح کی خصوصی مہم چلائی جاتی رہی ہیں لیکن ان کی ہدایت پر جمعہ 17 جنوری کی سہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک شروع ہونے والی انتہائی نوعیت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ڈی آئی جی ٹریفک، تمام ایس پی ٹریفک، ایس ڈی پی اوز، سیکشن افسران، ایس ایچ اوز دیگر متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے جارہے ہیں۔ پولیس افسران مہم کی خود نگرانی کر رہے ہوں گے جس میں گرفتار کیے گئے افراد کے خلاف سخت ترین قانونی کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ آپریشن بلاتفریق ہوگا اور خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار افراد کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور انہیں اگلے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جمعہ کے بعد ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر اور ایس پیز ٹریفک مشاورت سے مختلف علاقوں میں ون وے کی خلاف ورزی کی مہم کا وقت اور دورانیہ خود مقرر کریں گے۔ لڑائی جی کراچی غلام نبی میمن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں خاص طور پر مرکزی شاہراہوں پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے سے گریز کریں۔
تازہ ترین