• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا: جنگلات کی آگ نے کھلاڑیوں کو بھی پریشان کردیا

آسٹریلیا:جنگلات کی آگ نےکھلاڑیوں کو بھی پریشان کردیا


آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ نے آسٹریلین اوپن میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو بھی پریشان کردیا ہے۔ پہلے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ اور ٹریننگ کے دوران کھلاڑیوں کی طبیعت خراب ہوگئی، جبکہ روسی ٹینس اسٹار ماریہ شراپوا نے نمائشی میچ ادھورا چھوڑ دیا۔

سال کا پہلا گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن بحران کا شکار ہے، وہاں جنگلات میں لگی آگ کے باعث فضا خطرناک حد تک آلودہ ہے جسے انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا جا رہا ہے۔ آلودہ فضا سے میلبرن میں موجود ٹینس کھلاڑیوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

20 جنوری سے شروع ہونے والے آسٹریلین اوپن کے کوالیفائنگ راؤنڈ اور ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے لیکن فضائی آلودگی کے باعث کھلاڑیوں کی طبیعت خراب ہو رہی ہے، آلودہ فضا اور دھوئیں کے باعث کھلاڑی کورٹ پر گِر بھی پڑے۔

آسٹریلیا:جنگلات کی آگ نےکھلاڑیوں کو بھی پریشان کردیا
فضا میں آلودگی کے باعث روسی ٹینس اسٹار ماریہ شرا پووا اور لارا سیجمنڈ کا میچ ادھورا ختم کرنا پڑا۔

متاثرہ کھلاڑی ڈالیلا کا کہنا ہے کہ ان کا سانس لینا دشوار ہو گیا تھا، جبکہ ٹینس اسٹار ماریہ شراپوا اور جرمن کھلاڑی لارا سیجمنڈ کے درمیان نمائشی میچ ادھورا ختم کردیا گیا۔

اس صورتحال میں بعض حلقوں اور کھلاڑیوں کی جانب سے آسٹر یلین اوپن کو ملتوی کرنے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: بش فائر کیلئے شین وارن کی ٹیسٹ کیپ نیلام

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ سے 2 کروڑ ایکڑ پر پھیلی جنگل کی اراضی جل کر راکھ ہوگئی ہے، ہولناک آگ کے نتیجے میں ایک ارب سے زائد جانور اس کی لپیٹ میں آکر ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ بعض جانوروں کی نسل معدوم ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔

دوسری جانب اے ٹی پی پلیئرز کونسل کے صدر نوواک جوکووچ نے ایک بیان میں مطالبہ کیا تھا کہ اگر صورت حال میں بہتری نہیں آتی تو منتظمین کو ایونٹ مؤخر کرنے کے بارے میں غور کرنا چاہیے، جبکہ ٹینس آسٹریلیا کے چیف کریگ ٹیلی ایونٹ کے انعقاد میں تاخیر کے امکان کو رد کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تمام تر معلومات اکٹھی کی ہیں۔ آنے والے دنوں کے حوالے سے اچھی پیشگوئی ہے۔ میلبرن میں لوگوں کو خطرہ درپیش نہیں۔ اس لیے ایونٹ میں کسی تاخیر کی توقع نہیں کر رہے۔ پھر بھی حفاظتی اقدامات کر لیے ہیں۔

تازہ ترین