• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی ایچ ای سی کیلئے مختص فنڈز بلاتعطل فراہم کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی ایچ ای سی کیلئے مختص فنڈز بلاتعطل فراہم کرنے کی ہدایت


وزیراعظم عمران خان نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے لیے مختص فنڈز کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں کی اعلیٰ تعلیم تک رسائی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشی مشکلات کے باوجود ہائر ایجوکیشن سے متعلق مالی ضروریات پوری کریں گے، ان کے مختص فنڈز بلاتعطل فراہم کریں گے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر شفقت محمود بھی موجود تھے، اس موقع پر وزیراعظم کو خصوصی بریفنگ بھی دی گئی۔

بریفننگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ایچ ای سی، احساس پروگرام، کامیاب جوان پروگرام، وزارت صحت، این ایچ اے کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔

وزیراعظم کو یہ بھی بتایا گیا کہ ادارہ ( ایچ ای سی) پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی، انرجی سیکٹر، نیشنل سیکیورٹی و دیگر متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہے۔

بریفننگ میں مزید کہا گیا کہ کامیاب شاگرد پروگرام کے تحت طلبا کے داخلے کے لیے قابلیت کا معیار یقینی بنانے پر توجہ دی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے بتایا کہ طلبا کی اعلیٰ تعلیم تک رسائی، اعلیٰ تعلیمی اداروں میں فیکلٹی اور گریجویٹس کی کوالٹی یقینی بنانا چیلنج ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ تعلیم اور ریسرچ کو جدید تقاضوں کے مطابق بنانا اہم چیلنجز ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے ایچ ای سی نےاصلاحات کا جامع پروگرام وضع کیا ہے۔

تازہ ترین