• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب: چہل قدمی کے لیے آگہی مہم کا آغاز

سعودی وزارت صحت نے مملکت بھر میں چہل قدمی کے لیے آگہی مہم شروع کردی۔ اس کا عنوان ’امش30‘ ( 30منٹ چہل قدمی کریں) ہوگا۔ وزارت صحت اس مہم کے ذریعے پورے ملک میں چہل قدمی کا کلچر عام کرنا ، صحت عامہ کا نظام بہتر بنانا ، چہل قدمی کرنے والوں کی تعداد بڑھانا اور لاعلاج امراض میں مبتلا پانچ لاکھ سے زیادہ افراد کی مدد کرنا چاہتی ہے۔

اس مہم میں اسکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات اوراساتذہ کو شریک کیاجارہاہے۔ وزارت صحت نے چہل قدمی کرنےوالوں کو یہ بتانے، سمجھانے اور احساس دلانے کے لیے کہ وہ کتنا پیدل چلے ہیں،انہوں نے چہل قدمی میں کتنے قدم رکھے ہیں،اس کی باقاعدہ گنتی کا بھی اہتمام کیاہے۔ گنتی کی ایپ تیار کی گئی۔ ترقی یافتہ ممالک میں یہ پہلے سے رائج ہے اور جیب میں موجود موبائل کے ذریعے قدم گنتی ہے ،سعودی عرب میں بھی اسے مزید رواج دے کر عام کیا جا رہا ہے۔

5 مارچ 2020ء کو سعودی عرب کے تمام علاقوں میں ’چہل قدمی کا قومی دن‘ منایا جائے گا۔ اسے ’السعودیہ تمشی‘ (سعودی عرب چہل قدمی کررہا ہے) کا عنوان دیا گیا ہے۔اس مہم کے پہلو بہ پہلو متعدد پروگرام ہوں گے۔ کئی ادارے شریک ہوں گے۔ یہ پروگرام شہروں، کمشنریوں اور قصبوں میں ہوں گےاور 4 ماہ تک جاری رہیں گے۔ 

ان میں نمایاں ترین پروگرام چہل قدمی کے چیلنج کا مقابلہ ہے۔ یہ مقابلہ اس بنیاد پر ہوگا کہ روزانہ کون کتنی چہل قدمی کررہا ہے۔ اسکی گنتی ظاہر ہے کہ چہل قدمی کرنے والے کے ’اسٹیپ‘ کی تعداد کی بنیاد پر ہوگی۔ کم از کم روزانہ 8 ہزار اسٹیپ والے ہی اس مقابلے میں شریک ہوں گے۔

انعام یافتگان کا انتخاب ماہانہ بنیاد پر ہوگا۔ اس کی بدولت لوگوں میں چہل قدمی کی عادت پیدا ہوگی۔ ہر ماہ پچاس افراد کے انتخاب کے لیے قرعہ اندازی ہوگی۔ قرعہ اندازی میں وہی لوگ شامل ہوں گے جنہوں نے روزانہ کم از کم 8 ہزار یا اس سے زیادہ قدم چہل قدمی میں استعمال کیے ہوں گے۔

تازہ ترین