• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاری ندی کے دونوں اطراف 26کلومیٹر طویل شہری جنگل قائم ہوگا،ناصر شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات اور جنگلات و جنگلی حیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ لیاری ندی کے دونوں اطراف 26کلومیٹر طویل رقبے پر شہری جنگل قائم کیا جائے گا، اس کا باضابطہ افتتاح چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے،ان خیالات کا انھوں نےمنصوبے کے مقام لیاری ندی کے دورے میں کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ضلع غربی فیاض سولنگی، چیئرمین ڈی ایم سی ویسٹ اظہار الدین، ایم سی وسیٹ اشفاق ملاح، چیف کنزرویٹر اعجاز نظامانی، ڈویژنل فاریسٹ افسر مقصود احمد کے علاوہ دیگر افسران اور علاقے کے معززین بھی موجود تھے، وزیر بلدیات نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق شہری جنگلات کا یہ منصوبہ شروع کیا جارہا ہے،پہلا منصوبہ لیاری ندی کے کنارے جبکہ دوسرا منصوبہ ملیر ندی کے دونوں اطراف شروع کیا جائے گا،شہر کے دیگر مقامات پر بھی شہری جنگلات قائم کیے جائیں گے، اس مہم میں ہمارے ساتھ ایم کیو ایم اور دیگر جماعتیں بھی شامل ہیں دریں اثناصوبائی وزیر نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید پارک میں کڈز پلے ایریا کا افتتاح کیا،انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید کے نام پر بنائے گئے پارک کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے ہر قسم کے اقدامات کریں گے،اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے کوآرڈینیٹر شہزاد میمن، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی، سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ، ڈی جی کے ڈی اے سید سیف الرحمن، ڈی سی سائوتھ ارشاد سوڈھر، وزیراعلی کے کوآرڈینیٹر شہزاد میمن بھی موجود تھے، ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کو ہر طرح سے نظر انداز کر رہی ہے، سندھ میں اگر آٹے کا بحران ہو تو سندھ حکومت ذمہ دار ہے اور اگر پورے ملک میں بحران ہوتا ہے تو وفاقی حکومت ذمہ دار ہے، چکی والے آٹے میں مسئلہ آتا ہے مگر مل مالکان کو سندھ حکومت کی جانب سے سبسٹڈی دی جاتی ہے،انھوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے کچھ مسئلہ ہوا تھا مگر دو تین دن میں مکمل بحران سندھ سے ختم ہوجائے گا۔
تازہ ترین