کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی پاکستان اسٹیٹ آئل اور بین الاقوامی رائڈ سروس اوبر کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدہ کے تحت پی ایس او، اوبر ڈرائیورز کو اپنے جدید ڈیجی کیش فیول کارڈز فراہم کرے گا، جوکہ فیولنک موبائل ایپ کے ذریعہ استعمال کے بعد خصوصی آفر اور انعامات حاصل کرسکیں گے۔ ڈیجی کیش کے ذریعہ فیولنگ کے تجربہ مزید بہتر بنایا جائے گا جس کے ذریعہ ملک بھر کے اوبر پارٹنر ڈرائیورز اپنے فیول اخراجات پر نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ خصوصی ڈسکاونٹ اور انعامات بھی حاصل کرسکیں گے۔ اوبر،پاکستان میں محفوظ اورسستی اوبرمصنوعات کی فراہمی بڑھانے،معاشرے کو بااختیار بنانے اور مزید معاشی مواقع پیدا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعہ پی ایس، اوبر پارٹنر ڈرائیوروں کا سفر آسان اور فائدہ مند بنائے گا، جس سے معاشرے کو بڑے پیمانے پر فائدہ حاصل ہوگا۔ دونوں اداروں نے پی ایس او ہاؤس کراچی میں منعقدہ ایک تقریب میں اسٹریٹجک شراکت داری پر دستخط کرکے اپنے تعاون کو مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔