وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے تسلیم کیا ہے کہ مہنگائی ہے، بالکل ہے، قوم آئی ایم ایف کے 6 ارب ڈالر کی قیمت چکا رہی ہے، ہمارے دور میں آٹے کا بحران آیا ہے، حکومت مہنگائی اور آٹے کے بحران کو ڈیل نہیں کر سکی۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ آئی ایم ایف کا قرض 6 ارب ڈالر ہے، جس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے، آٹے کی ایکسپورٹ کے خلاف کابینہ اور ای سی سی میں آواز اٹھائی ہے، میرا نہیں خیال کہ کسی نے آٹے کے بحران سے پیسہ اور کمیشن بنایا ہے، غلطی اور کوتاہی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی کی ایکس مل قیمت 78 روپے ہو گئی ہے، چینی کے بحران سے شوگر مل مالکان نے فائدہ اٹھایا ہے، پنجاب میں افواہوں کا بازار گرم ہے، مگر عمران خان عثمان بزدار کے ساتھ کھڑےہیں، کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، 2020ء الیکشن کا سال نہیں۔
وزیرِ ریلوے کا کہنا ہے کہ شریف اپوزیشن لیٹی ہوئی ہے، میں پہلے ہی کہتا تھا کہ انہیں جانے دیں، وہاں جا کر انہوں نے کونسی تلواریں چلا لیں، شہباز شریف نے باہر جا کر کیا کر لیا؟ بس چار پانچ نئے ہیٹ اور کوٹ ہی تو خریدے ہیں، انہیں جب بلائیں گے تب وہ آئیں گے، فی الحال وہیں سے کام ٹھیک چل رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: احتساب کے بجائے آٹا سستا کر دیتے تو بہتر ہوتا، شیخ رشید
شیخ رشید نے کہا کہ لاہور کے کاروباری افراد مغل پورہ ڈرائی پورٹ کا انتظام سنبھال لیں، سازشیں ہو رہی ہیں، سی پیک کے راستے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، ملک کی ترقی کی ضمانت اس کی قوم ہوتی ہے اور پاکستانی قوم ایک زندہ قوم ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری زندگی کا مشق ایم ایل ون ہے، جس کی تکمیل کے بعد میں ریٹائرڈ ہو جاؤں گا، قوم کو 5 نئے ڈرائی پورٹس کی خوش خبری دے رہا ہوں۔
وزیرِ ریلوے نے مزید کہا کہ عمران خان کو 16 مہینے میں جو مسائل ملے ہیں وہ ماضی کی حکومتوں کو 5 سال میں نہیں ملے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل جھوٹ کی آماجگاہ ہے، جس نے بکواس اسٹیٹمنٹ جاری کیا ہے۔
شیخ رشید کا یہ بھی کہنا ہے کہ مرنے سے پہلے کوئی گواہی نہیں دے سکتا لیکن کہتا ہوں کہ عمران خان دیانت دار ہیں، میں ایک ووٹ کا لیڈر ہوں، خان صاحب میری جتنی بھی سنتے ہیں بہت ہے، وزیرِ اعظم کو کہا ہے کہ بااختیار پرائس کنٹرول کمیٹی ہونی چاہیے۔