• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ رشید احمد کی کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو


وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ بلاول گھیرے میں ہیں، وہ مریم کی طرح ان ہی معاملات میں ملوث ہوں گے، آصف زرداری چاہتے ہیں کہ بلاول کو کلین چٹ ملے۔

کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی حمزہ شہباز شریف اور مریم نواز کی طرح منی لانڈرنگ میں ملوث ہو گئے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری کراچی میں بیٹھ کر بلاول کے خلاف کیسز میں شہادتیں ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو نہیں کر سکیں گے، دیکھتے ہیں کہ شہادتیں ختم کرنے میں یہ لوگ کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں۔

انہوں نے صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ بلاول بھٹو وائلڈ نہ ہوں، چیئرمین پی پی ی ہمارے شہر میں آ رہے ہیں، کارکنوں سمیت سب کو ویلکم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: شیخ رشید کیا نیب کے ترجمان ہیں، چوہدری منظور

شیخ رشید احمد نے کہا کہ آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع پر تمام سیاسی پارٹیوں میں اتفاق رائے ہے اور سب ایک پیج پر ہیں، اس حوالے سے جو بھی طریقۂ کار ہوگا وہ اپنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ میں عدالتی فیصلوں پر زیادہ بات نہ کروں، ہمیں عدالتی فیصلے قبول ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ عدلیہ آزاد ہے اور سابق آرمی چیف پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کے فیصلے پر لیگل ٹیم ہی بات کرے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ اداروں میں کوئی تصادم نہیں ہے، سارے ادارے ایک ہیں اور عمران خان کی حکومت 5 سال پورے کرے گی۔

یہ بھی پڑھیئے: فوج میں ایسا غصہ پہلے کبھی نہ دیکھا، شیخ رشید

شیخ رشید نے مزید کہاکہ بھارت کا مسلمان جاگ گیا ہے، بھارتی نوجوان نکل آئے ہیں، ہو سکتا ہے کہ مارچ تک بھارت کوئی چھیڑ چھاڑ کرے۔

وزیرِ ریلوے نے یہ بھی کہا کہ ہم نے کرسمس اسپیشل ٹرین چلائی ہے، اب 10 تاریخ تک ہمارے پاس کوئی سیٹ نہیں ہے۔

تازہ ترین