• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلومینیم فوائل کا استعمال خطر ناک بیماریوں کا باعث

لندن(جنگ نیوز)اکثر گھروں میں ایلومینیم فوائل کھانا ڈھانپنے یا اسے پیک کر کے فریج میں رکھنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، کچھ افراد اپنا لنچ باکس بنانے کے بجائے سینڈوچ یا بر گر وغیرہ ایلومینیم فوائل میں پیک کر کے اسکول یا دفتر لے جاتے ہیں اور فوائل میں ہی یہ کھانا مائیکروویو میں گرم کر کے کھا لیتے ہیں ۔ نئی تحقیق میں اس کے بے شمار طبی نقصانات سامنے آئے ہیں۔ جرمنی میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق ایلومینیم فوائل کے استعمال سے خطر ناک بیماریاں ہو سکتی ہیں جن میں ’نیورو ٹاکزن ڈیولپمنٹ ڈس آرڈر‘ سمیت جگر، گردوں اور ہڈیوں کا متاثر ہونا شامل ہے۔ فیڈرل انسٹیٹیوٹ فار رِسک ایسسمنٹ جرمنی کے مطابق ایلومینیم فوائل پر ایک تحقیق کی گئی، جن گھروں میں ایلو مینیم فوائل استعمال ہو رہا تھا اُن پر غور کیا گیا کہ دن میں ایلومینیم کا کتنا اور کس کس طرح سے استعمال کیا جا رہا ہے۔ تحقیق کے نتیجے میں سامنے آیا کہ ان افراد میں غذا، کاسمیٹک اور ٹوتھ پیسٹ کے ذریعے ایلومینیم ان کے اندر منتقل ہو رہا ہے اور اس کی مقدار بہت زیادہ تھی جس سے لوگوں کی دماغی کارکردگی سمیت جسم کے دیگر اعضاء کے کام کرنے میں سستی آ گئی تھی، یہ افراد ایلومینیم فوائل استعمال نہ کرنے والوں کے مقابلے میں قوت مدافعت کے لحاظ سے کمزور اور سُست تھے ۔ محققین نے لوگوں کو ایلومینیم فوائل کو کھانے پینے کی اشیا میں استعمال کرنے سے منع کیا اور کہا کہ ضروریات زندگی کی دیگر اشیا میں بھی ایلومینیم فوائل کا استعمال کم سے کم بلکہ ترک کر دیا جائے۔
تازہ ترین