• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ترکی میں زلزلہ، پاکستان کی امداد کی پیشکش

ترکی میں زلزلہ، پاکستان کی امداد کی پیشکش


اسلام آباد (نمائندگان جنگ)پاکستان نے ترکی میں زلزلہ کے نتیجے میں قیمتی جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے برادر ملک ترکی کوامداد کی پیشکش کی ہے، صدر عارف علوی اوردیگرکی تعزیت، شاہ محمود کا ہم منصب کو فون، ترک وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ اگر امدادکی ضرورت ہوئی تو آگاہ کرینگے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےترکی میں زلزلے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہےکہ پاکستانی قوم اپنے ترک بہن بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک اور ان کے ساتھ کھڑی ہے، صدر مملکت نے جان بحق ہونے والوں کی بلندی درجات ، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔دریں اثناء وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ترکی کے مشرقی علاقے میں آنے والے شدید زلزلے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے بھاری جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔وزیر خارجہ نے دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی طرف سے ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں معاونت کی پیشکش کی۔وزیر خارجہ نے فیلڈ ہسپتال اور ریسکیو ٹیمیں بھجوانے کی بھی پیشکش کی۔ترک وزیر خارجہ نےپاکستانی قیادت اور قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ترک حکومت زلزلہ زدگان کی امداد اور بحالی کے امور سرانجام دے رہی ہےاگر ضرورت درپیش ہوئی تو ہم اپنے برادر ملک پاکستان کو ضرور مطلع کریں گے۔ادھرترجمان دفترخارجہ نے ایک بیان میں کہاکہ پاکستان کی حکومت اور عوام مشرقی ترکی میں زلزلے کے نتیجے میں کئی ہلاکتوں اور بہت سے لوگوں کے زخمی ہونے پردلی ہمدردی اورتعزیت کااظہار کرتے ہیں۔

تازہ ترین