• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف گلوکار علی ظفر نے پی ایس ایل فائیو کے آفیشل ترانے پر تنقید کرنے والوں کو جواب دے دیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل فائیو) کا آفیشل ترانہ تین روز قبل ہی جاری کیا گیا ہے جس کو گانے والے پاکستان کے 4 نامور گلوکار عارف لوہار، عاصم اظہر، علی عظمت اور ہارون رشید ہیں لیکن شائقین کرکٹ کو پی ایس ایل فائیو کا آفیشل ترانہ پسند نہیں آیا اور ہر ایک اِس ترانے پر تنقید کرتا نظر آرہا ہے۔

اِیسے میں معروف گلوکار علی ظفر پی ایس ایل فائیو کے ترانے کی حمایت میں سامنے آگئے۔

یہ بھی دیکھئے  : پی ایس ایل فائیو کا آفیشل ترانہ جاری


اُنہوں نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تمام لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ’میں آپ لوگوں کی جانب سے ملنے والے پیار اور محبت کا مشکور ہوں۔‘

علی ظفر نے لکھا کہ ’جس طرح آپ لوگ مجھے پیار دے رہے ہیں اِسی طرح دیگر فنکاروں کے کام اور کوششوں کو بھی سراہیں، ہم سب ایک خاندان ہیں۔‘

گلوکار نے لکھا کہ ’پی ایس ایل بھی ایسا ہی ہے اِس کا تعلق پاکستان سے ہے اور ہماری گلوکاری کا تعلق بھی پاکستان سے ہے۔‘

علی ظفر نے اپنے ٹوئٹ ہیش ٹیگ PakistanZindabad ، PSL5 اور Cricket بھی استعمال کیے۔

واضح رہے کہ گلوکار علی ظفر نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ 2016 میں ’اب کھیل کے دکھا‘ گایا تھا، پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ 2017 میں’اب کھیل جمے گا‘ گایا تھا جبکہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ 2018 میں ’دل سے جان لگا دے‘ گایا تھا۔

علی ظفر کی آواز میں پی ایس ایل کے اِن تمام ترانوں کو شائقین کرکٹ نے بےحد پسند کیا تھا اور اِس بار بھی شائقین کرکٹ کو پی ایس ایل فائیو کے آفیشل ترانے سے بہت اُمیدیں تھیں۔

تازہ ترین