کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ شروع ہونے میں ایک ہفتے کا وقت باقی رہ گیا ہے۔ شائقین کا انتظار عروج پر پہنچ گیا،ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں نے اپنی تیاری شروع کردی ہے۔ شہر میں سپر لیگ کا رنگ نظر آنے لگا ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں ایونٹ کیلئے تزئین و آرائش کا کام زور وشور سے جاری ہے۔ ادھرپشاور زلمی کے ڈیرن سیمی بدھ کو پاکستان سپر لیگ کھیلنے پاکستان پہنچ گئے۔ ڈیرن سیمی پی ایس ایل فائیو کے لیے پاکستان پہنچنے والے پہلے غیر ملکی کرکٹر ہیں۔ کوئٹہ کے پاکستانی کھلاڑی کراچی میں تیاریوں میں مصروف ہیں۔ احمد شہزاد بھی کراچی میں مختلف تشہیری پروگرام میں شرکت کررہے ہیں۔ جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیرن سیمی نے کہا کہ پاکستان آکر خوشی محسوس ہورہی ہے ۔ مداحوں نےکراچی ائیرپورٹ پر ڈیرن سیمی کے ساتھ سلفیاں اور تصاویربنوائیں۔ پشاور زلمی پی ایس ایل فائیو کے لیے اپنی تیاریوں کا آغاز چودہ فروری سے کراچی میں کرے گی۔پشاور زلمی کے انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے بیٹسمین ٹام بیٹن کراچی کی بریانی اور نہاری کے انتظار میں ہیں انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ جلد کراچی آرہا ہوں ۔ لاہور قلندرز کی لاہور میں تیاریاں جاری ہیں۔ جمعے کو لاہور کی ٹیم ایم سی سی کے خلاف میچ کھیلے گی۔