• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کا ترک صدر کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم

شہباز شریف کا ترک صدر کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم برادر ملک ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کو پاکستان آنے پر خوش آمدید کہتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ نوازشریف کے علاج معالجے کے باعث لندن میں ہیں۔ وہ ترک صدر اور ان کے وفد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ محمد نوازشریف، مسلم لیگ (ن)، اپوزیشن اور پوری قوم کی جانب سے ترک صدر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں ترک صدر اردوان امت مسلمہ کی حمیت و غیرت اور جرات کی علامت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی دو با اعتماد بھائی ہیں، دونوں ممالک کے عوام میں محبت، اخوت اور اعتماد کا رشتہ استوار ہے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر پاکستانی عوام خاص طور پر صدر اردوان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور کشمیریوں کی غیر مشروط حمایت غیور اور جراتمند ترک قیادت اور عوام کے خلوص کا مظہر ہے جبکہ ان کی پارلیمان آمد پر مسلم لیگ (ن) اور اپوزیشن اراکین صدر اردوان کا شایان شان استقبال کریں گے۔

تازہ ترین