• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کیماڑی میں زہریلی گیس یا کیمیکل کے اخراج کے حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثر افراد 6 نہیں بلکہ تین خواتین اور ایک بچے سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 132 متاثرین ہیں، علاقے میں درحقیقت کیا ہوا اس حوالے سے کوئی مصدقہ رپورٹ نہیں، آج صبح تک ’جتنے منہ اتنی باتیں‘ والا فارمولا زیر گردش ہے۔

پاکستان نیوی کی بیالوجی اینڈ کیمیکل ڈیمج کنٹرول ٹیم میں رات گئے تک بیماری کے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا، ٹیم نے متاثرہ افراد کے خون کے نمونے علاقے کے پانی، مٹی درختوں کے پتوں اور دیگر عشاء کے نمونے لیے ان کا آج تجزیہ کیا جائے گا۔

ابتدائی تحقیقات کے دوران ایک چیز کلیئر کرلی گئی ہے کہ گیس یا کیمیکل کی بُو کے اخراج کا واقعہ کراچی بندرگاہ سے منسلک نہیں، کیماڑی کے علاقے مسان روڈ، ریلوے کالونی، ڈاکس اور جیکسن بازار کی ڈیڑھ سے دو کلومیٹر کی آبادی زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ رات گئے تک افراتفری کے شکار اس علاقے میں آج صبح صورتحال معمول پر ہے، زہریلی گیس یا کیمیکل سے متاثرہ افراد کی اموات کی تعداد بھی چھ سے کم ہوکر 5 رہ گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دفعہ 174 کی کارروائی کے لیے انہیں6 کی بجائے 5 افراد کی لاشیں ملی ہیں جن کی قانونی کارروائی کی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق زہریلی گیس سے متاثرہ ایک خاتون یاسمین پہلے کیماڑی کے اسپتال لائی گئی تھی جس کا انتقال ہوا تو اسے کھارادر کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں میت کا نام مسرت یاسمین لکھوایا گیا تاہم متوفیہ کی زوجیت ایک تھی۔

ایس ایچ او جیکسن ملک عادل کے مطابق یوں اس واقعے میں اموات چھ گنتی کی جارہی تھیں جو درحقیقت پانچ ہیں، جن میں تین خواتین ایک بچہ اور ایک مرد شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق مجموعی طور پر 130 سے زائد افراد متاثر ہوئے جن میں سے 100 متاثرین کو کیماڑی کے نجی اسپتال لایا گیا تھا جہاں 20 سے زائد افراد ابھی بھی داخل ہیں، 22 افراد کو کھارادر کے اسپتال میں طبی امداد دی گئی جہاں دو خواتین کی موت بھی واقع ہوئی۔

جناح ہسپتال کی ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق تین افراد کو جناح اسپتال کی ایمرجنسی لایا گیا جن میں سے ایک کو باقاعدہ علاج کے لیے داخل کیا گیا ہے۔

کیماڑی کے متاثرہ علاقے میں رات گئے تک پانچ روپے والا ماسک 30 سے 35 روپے میں بھی نہیں مل رہا تھا اور ہر شخص ماسک پہنے گھوم رہا تھا مگر آج صبح بہت کم لوگ ماسک پہنے دکھائی دیئے ہیں جس کی وجہ علاقے میں زہریلی ہوا یا کیمیکل کی بو ختم ہوگئی ہے۔

مسان روڈ پر اِکا دُکا اسکولوں میں چھٹی کرائی گئی ہے دیگر کیماڑی میں صورتحال معمول پر ہے۔

الیکشن پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا اس سلسلے میں شواہد جمع کیے جا رہے ہیں اور آج دن میں قانونی کارروائی مکمل کرکے مقدمات درج کیا جائے گا۔

تازہ ترین