• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، کسٹمز ہاؤس میں 4 افراد بے ہوش، کئی کو الٹیاں

گزشتہ شب کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج کے بعد آج صبح معمولات کے مطابق کام شروع کرنے پر کسٹمز ہاؤس میں 4 افراد بے ہوش گئے جبکہ کئی افراد کو الٹیاں ہوئیں۔

کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق کسٹمز ہاؤس میں 4 افراد کے بے ہوش ہونے اور متعدد افراد کو الٹیوں کی شکایت کے بعد کسٹمز ہاؤس بند کر دیا گیا تھا جبکہ ہوا کی کوالٹی خراب ہونے کے باعث ملازمین گھر چلے گئے تھے۔

شپنگ ذرائع کے مطابق پی این ایس سی ورکشاپ بھی بند کردی گئی ہے۔

شپنگ ذرائع کے مطابق کے پی ٹی پرگیس اخراج کی فارنزک تحقیقات کے لیے ایچ ای جے سے کیمیائی ماہر یا سائنٹسٹ نہیں بلایا گیا۔

ترجمان ایچ ای جے کا کہنا ہے کہ سیمپل ملے گا یا کلیکشن کے لیے بلایا جائے گا تو تحقیقات کریں گے، حساس نوعیت کی تحقیقات کے بعد ہی وجوہات کا تعین ہو سکتا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے: کراچی: جہازوں کی روانگی بھی شیڈول پر آگئی

یہ بھی پڑھیے: نیوی کی کیمیکل ڈیمیج کنٹرول ٹیم نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، علی زیدی

دوسری جانب گیس اخراج کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کی نماز جنازہ بعد ظہر ادا کی جائے گی جبکہ گیس اخراج سے جاں بحق ہونے والا نوجوان محمد احسن پولیس افسر عمر فاروق کا بیٹا اور  نجی یونیورسٹی میں بی سی ایس کا اسٹوڈنٹ تھا۔

جیکسن پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی ایک خاتون مسرت یاسمین کی لاش لواحقین راولپنڈی لے گئے ہیں اور متوفیہ عظیم بیگم زوجہ منشی خان مسان روڈ کی رہائشی تھیں ، عظیم بیگم کی لاش کتیانہ میمن اسپتال لے جائی گئی تھی۔

جیکسن پولیس کا کہنا ہے کہ لاشیں پوسٹ مارٹم کرانے کے لیے اسپتال لے جائے جانے کی بہت کوشش کی گئی جبکہ نجی اسپتالوں کی انتظامیہ نے مرنے والوں کے ڈیتھ سرٹیفیکٹ جاری کردئے ہیں۔ 

تازہ ترین