• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے ہرادیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ عمران طاہر کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے، سلطانز نے ہدف 16 اعشاریہ ایک اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ رہا، 24 کے مجموعی اسکور پر جیمس ونس کپتان شان مسعود کا ساتھ چھوڑ گئے، جیمس ونس نے 9 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 18 رنز بنائے۔

معین علی زیادہ دیر شان مسعود کا ساتھ نہ دے سکے اور 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ملتان سلطانز کو تیسرا نقصان شان مسعود کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 29 گیندوں پر 38 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، اس وقت ٹیم کا اسکور 85 رنز تھا۔

نئے آنے والے بیٹسمین ذیشان اشرف کو 4 کے اسکور پر حارث رؤف نے رن آؤٹ کیا۔

دوسرے اینڈ پر ریلی روسوو نے رنز بنانے کے سلسلے کو جاری رکھا، وہ 32 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، شاہد آفریدی نے 12 گیندوں پر 21 رنز کی ناقابل شکست دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

یوں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو باآسانی 5 وکٹوں سے ہرادیا۔

لاہور قلندرز کی بیٹنگ

لاہور قلندرز کے اوپنر زفخرزمان اور کرس لائن نے 59 رنز کا اچھا آغاز دیا، قلندرز کو پہلا نقصان کرس لائن کی وکٹ کی شکل میں ہوا، وہ 39 رنز بناکر معین علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اسکور میں صرف ایک رن کے اضافے پر فخرزمان 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ان کی وکٹ بھی معین علی کے حصے میں آئی۔

اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد بین ڈنک اور سینئر بیٹسمین محمد حفیظ نے رنز بنانے کی ذمہ داری سنبھالی لیکن بین ڈنک صرف 3 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔

محمد حفیظ بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 22 گیندوں پر 14 رنز کی سست رفتار اننگز کھیل کر عمران طاہر کو وکٹ دے بیٹھے۔ڈین ویلاس کو 19 رنز پر عمران طاہر نے کلین بولڈ کیا۔یوں 99 کے اسکور پر لاہور قلندرز کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

مشکل صورتحال میں رنز بنانے کی ذمہ داری قلندرز کے کپتان سہیل اختر کے کاندھوں پر آئی، لیکن ڈیوڈ ویزےاُن کا ساتھ نہ دے سکے اور صرف 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

نئے آنے والے بیٹسمین شاہین آفریدی 2 اور حارث رؤف بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے، یوں لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بناسکی۔

عمران طاہر، معین علی اور محمد الیاس نے دو، دو جبکہ سہیل تنویر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ملتان سلطانزنے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا تھاکہ پہلے بیٹنگ اچھی رہے گی، ہوم گراؤنڈ میں شائقین کا جوش دیکھ کر اچھا لگ رہا ہے۔

ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے مکمل پی ایس ایل کے پاکستان میں انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔

ملتان سلطانز کی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، جیمس ونس، ریلی روسوو، معین علی، عمران طاہر، خوش دل شاہ، محمد الیاس، محمد عرفان، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، اور ذیشان اشرف شامل تھے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم کرس لائن، فخرزمان، سہیل اختر (کپتان) ڈین ویلاس، بین ڈنک، محمد حفیظ، ڈیوڈ ویس، شاہین آفریدی، عثمان شنواری، حارث رؤف اور دلبر حسین پر مشتمل تھی۔

آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 10 رنز سے شکست دی۔

تازہ ترین