• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حفیظ کی محنت رائیگاں، سنسنی خیز مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کامیاب

حفیظ کی محنت رائیگاں، سنسنی خیز مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کامیاب


پی ایس ایل کے سپر مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

لاہور قلندرز کے اوپنر کرس لین کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد محمد حفیظ نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے فخر زمان کے ساتھ ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب گامزن کیا۔

کرس لین صرف 11 رنز ہی بناسکے، لیکن 33 رنز بنانے والے فخر زمان اور محمد حفیظ کی جوڑی نے 67 رنز کی شراکت بنائی۔

ٹیم کا اسکور 89 رنز پر پہنچا تو لاہور قلندرز ایک مرتبہ پھر روایتی انداز میں یکے بعد دیگرے وکٹیں گنوانے لگے۔

پہلے فخر زمان، پھر ایک رن بنانے والے سہیل اختر ان کے بعد 3 رنز بنانے والے ڈین ویلاز بھی 100 کے مجموعے تک پویلین لوٹ گئے۔

ایسے میں محمد حفیظ حریف ٹیم کے سامنے چٹان ثابت ہوئے اور 7 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو 182 رنز تک پہنچادیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان 2 وکٹیں لے کر نمایا رہے۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم لاہور قلندرز کے دباؤ میں آگئی اور 3 کے مجموعے پر ایک رن بنانے والے لیوک رونکی کو شاہین آفریدی اور 5 کے  مجموعے پر 2 رنز بنانے والے کولن منرو کو محمد حفیظ نے آؤٹ کردیا۔

اس کے بعد کپتان شاداب خان نے ڈیوڈ ملان کے ہمراہ 57 رنز کی شراکت بنائی جہاں ڈیوڈ ملان کو ڈیوڈ ویزے نے کیچ آؤٹ کروادیا۔

91 کے مجموعے پر شاداب خان 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو یونائیٹڈ کی تمام امیدیں کولن انگرام پر ٹک گئیں لیکن وہ بھی 14 گیندوں پر 30 رنز بنا کر 114 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔

وکٹیں گرتی رہیں لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں نے اسکور بڑھانا جاری رکھا اور 183 رنز کے تعاقب میں 114 پر 5 اہم کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد بھی میچ کو آخری لمحات تک لے گئے۔

نوجوان فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے ایک مرتبہ پھر اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے حسین طلعت اور عماد بٹ کی وکٹیں لے کر میچ کو مزید سنسنی خیز بنادیا۔

آخری اوور میں یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 9 رنز دکار تھے جبکہ اس کی ایک وکٹ باقی تھی۔

لیکن بیٹنگ پر آئے ٹیل اینڈر محمد موسیٰ نے شاہین شنواری جیسے تجربہ کار بولر کو آخری اوور کی پہلی گیند پر ہی چھکا رسید کر کے جیت کی راہیں روشن کیں۔

یونائیٹڈ نے 20ویں اوور کی 5ویں گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز کا ہدف پورا کیا۔

تازہ ترین