• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہلی تشدد، رجنی کانت کی بھارتی حکومت کی شدید مذمت

چنئی(ایجنسیاں )سپر اسٹار رجنی کانت نے دہلی میں ہونے والے تشدد پر مرکزی حکومت کی شدید مذمت کی ہے۔ ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق انہوں نے چنئی میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ یقینی طور پر یہ مرکزی حکومت کی انٹیلیجنس ناکامی ہے۔ میں مرکزی حکومت کی شدید مذمت کرتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج سے آہنی ہاتھ سے نپٹنا چاہئے تھا ۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے اپنا کام نہیں کیا۔ انٹیلی جنس کی ناکامی کا مطلب وزارت داخلہ کی ناکامی ہے۔رجنی کانت نے پہلے کہا تھا کہ شہریت قانون ، جس نے ملک گیر احتجاج کو جنم دیا تھا ، وہ مسلمانوں کے لئے خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر قانون کی وجہ سے برادری کو کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو ، وہ اس کے خلاف آواز اٹھانے والے پہلے شخص ہوں گے ۔ انہوں نے اپنی بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ میں ہر اس فرد کے لئے کھڑا ہوں گا جو سی اے اے سے متاثر ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بی جے پی کے ترجمان کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ میں صرف سچ بولتا ہوں ۔انہوں نے کہاکہ میں میڈیا سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ انصاف کریں اور اشتعال انگیزی نہ پھیلائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس بات کا امکان نہیں ہے کہ قانون کو منسوخ کردیا جائے۔ کمل ہاسن نے دہلی پر ہونے والے تشدد کے بارے میں رجنی کانت کے تبصروں کا خیرمقدم کیا۔اداکار اور سیاستدان کمل ہاسن نے بدھ کے روز دہلی میں تشدد پر قابو پانے میں ناکامی پر مرکزی حکومت کی جانب سے رجنی کانت کے بیان کا خیرمقدم کیا۔ کمل ہاسن نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ بہترین دوست رجنی کانت۔ اسی طرح آو۔ یہ راستہ اچھا راستہ ہے نہ کہ الگ روٹ۔

تازہ ترین