• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، حکومت سندھ نے 10کروڑ کے فنڈز جاری کردیے


ترجمان وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے دس کروڑ روپے سے کورونا وائرس ایمرجنسی ریلیف فنڈ جاری کردیا گیا ہے ۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے بھر میں 118بستروں پر مشتمل   9آئسولیشن وارڈ قائم کیے گئے ہیں جبکہ ایران سے آنے والے2301 لوگوں کو شناخت کیا گیا ہے، 900 پاکستانی ابھی تک ایران میں ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت  سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا، اس دوران سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس پر  بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جو مسافر ایران سے آئے ہیں ان کے بچے بھی اسکول جاتے تو پھر یہ مسئلہ سنگین ہوجاتا، یہ ہی وجہ ہے کہ اسکول بند کئے ہیں، جو لوگ ایران سے آئے ہیں اور ان کی آئیسولیشن میں 13 مارچ کو 14 دن ہو جائیں گے پھر ہم اسکول کھول دینگے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ چین سے آنے والے مسافروں کو 14 دن کی قرنطینہ کر کے پھر بھیج رہے ہیں، وہ ایران سے بغیر قرنطینہ آ گئے اس لیے صرف ایران سے آنے والوں میں سے 2 لوگوں میں وائرس ظاہر ہوا ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں ذاتی طور پر اس مسئلے کو دیکھ رہا ہوں اور روزانہ کی بنیاد پر تمام متعلقہ اداروں کے نمائندوں سے اجلاس کرتا ہوں، ہم نے لوگوں کو گھروں میں بھی آئیسولیشن میں رکھا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ہم نے 5000 ٹیسٹنگ کٹس منگوالی ہیں، ہم ٹیسٹ ان کا کریں گے جنہوں نے ایران اور چین کا سفر کیا ہوگا یا پھر جو شخص ان کے ساتھ رہا ہو جس نے وہاں کا سفر کیا ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ٹیسٹ کیا جائے گا جن میں علامات ہوں گی ۔

تازہ ترین