حال ہی میں شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے فیروز خان کی اہلیہ علیزے فیروز خان نے شادی کی دوسری سالگرہ کے موقع پر ایک خوبصورت پیار بھرا پیغام شیئر کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر فیروز خان کے ہمراہ لی گئی ایک سیلفی شیئر کرتے ہوئے ان کی اہلیہ نےشادی کی دوسری سالگرہ کی مبارکباد دی۔
تصویر کے کیپشن میں علیزے نے لکھا کہ ’مجھے ہمیشہ آپ کی ضرورت رہے گی چاہے ہم 90 سال کے بوڑھے بھی ہوجائیں اور ہماری آنکھوں کی بینائی بھی کم ہوجائے لیکن پھر بھی آپ میری آنکھوں کی چمک ہوں گے‘۔
آخر میں انہوں نے ہیش ٹیگ 13 رجب اور ماشاءاللّہ کا بھی استعمال کیا۔
واضح رہے کہ مارچ 2018 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے فیروز اور علیزے کی جوڑی اسلامی کلینڈر کے حساب سے 13 رجب کو اپنی شادی کی سالگرہ منا رہے ہیں ۔
جوڑے کے ہاں گزشتہ برس مئی میں ننھے مہمان کی آمد ہوئی جس کا نام سلطان فیروز خان ہے۔
فیروز خان پاکستانی فلم ’زندگی کتنی حسین ہے ‘ میں اداکاری کر چکے ہیں جبکہ ڈرامہ انڈسٹری میں بھی فیروز خان’ خانی‘ اور’ رومیو ویڈز ہیر‘ جیسے معروف ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔
دوسری جانب علیزے کا تعلق شوبز انڈسٹری سے نہیں ہے۔