• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا سے 145 ممالک میں 5436 ہلاکتیں ہو گئیں


کورونا وائرس دنیا کے 145 ممالک میں پہنچ چکا ہے جہاں اموات کی تعداد 5 ہزار 436 ہو گئی، جبکہ 1 لاکھ 45 ہزار 5 سو سے زائد اس وائرس سے بیمار ہیں۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق یورپ کی صورتِ حال چین سے بھی بدتر ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس سے مزید 8 ہلاکتوں کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 49 ہو گئی ہے جبکہ بیماروں کی تعداد 2269 ہو گئی ہے۔

اس صورتِ حال میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے، جبکہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اور امدادی کاموں کے لیے 50 ارب ڈالر مختص کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: لندن میں نومولود کورونا میں مبتلا

صدر ٹرمپ نے یورپ کے بعد برطانیہ سے بھی لوگوں کے سفر پر پابندیاں عائد کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے ایک ہی روزمیں ڈھائی سو افراد موت کے منہ میں پہنچ گئے، جبکہ اسپین میں 47، فرانس میں 18 ہلاکتیں ہوئی ہیں اور مزید 8 سو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سوئٹزر لینڈ میں 4، نیدر لینڈز میں 5 کورونا وائرس کے مریضوں کا انتقال ہوا ہے۔

ڈنمارک اور پولینڈ نے سیاحوں کی آمد پر پابندی لگا دی ہے، جبکہ تعلیمی ادارے اور دکانیں بند کر دی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: ٹرمپ نے کورونا ٹیسٹ کرانے کا اعلان کردیا

اسکاٹ لینڈ میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد برطانیہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 11 ہو گئی ہے جبکہ ایک ہی روز میں 202 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں ایسا نومولود بھی شامل ہے جس کی والدہ نمونیا کے مشتبہ کیس میں اسپتال لائی گئی تھیں۔

برطانیہ میں اب کورونا کے بیماروں کی تعداد 8 سو ہو گئی ہے، جن میں برطانوی نائب وزیرِ صحت نیڈین ڈوریس کی والدہ بھی شامل ہیں۔

ایک وزیر نے صرف ویلز میں 20 ہزار افراد کی اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے، اس صورتِ حال میں وزیرِ اعظم بورس جانسن نے یوٹرن لیتے ہوئے برطانیہ میں اگلے ویک اینڈ سے اجتماعات پر پابندی لگا دی ہے۔

دیگر ممالک میں بھی اموات بڑھ رہی ہیں، صرف ایران میں مزید 85 اموات ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا وائرس، حکومت کا مغربی سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ

تھائی لینڈ میں سگریٹ اور مشروب شیئر کرنے سے 13 دوست کورونا میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

دنیا میں بڑی بڑی شخصیات کورونا وائرس کا شکار ہو رہی ہیں، اسپین کی ملکہ بھی وائرس سے نہ بچ سکیں، وائرس کی تصدیق سے پہلے انہوں نے فرانس کے صدر میکروں سے ملاقات کی تھی۔

آسٹریلوی وزیرِ داخلہ میں بھی بیماری کی تصدیق ہوئی ہے، چند روز پہلے ایوانکا ٹرمپ سے ان کی ملاقات ہوئی تھی۔

اقوامِ متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں فلپائنی سفیر بھی بیمار ہوگئے ہیں تاہم صحت یاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جن کی مجموعی تعداد 71 ہزار ہو گئی ہے۔

تازہ ترین