• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں کورونا اب عوام میں پھیل رہا ہے، یاسمین راشد

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں کورونا کے 10 مریضوں کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں، اس کا مطلب ہے کہ وائرس اب لوگوں میں پھیل رہا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں کورونا کے 313 مصدقہ کیسز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے کورونا کے کیسوں میں 50 فیصد کمی آئے گی، 4 اپریل تک اسے ہٹانے کا کوئی ارادہ نہیں۔

صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ کیمپ جیل کے ایک قیدی کاٹیسٹ مثبت آیا، جیل میں بھی اسکریننگ کرنا پڑے گی۔

اس موقع پر خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم خان نے کہا کہ صوبے میں کم ازکم 15 دن کے لیے لاک ڈاؤن لگانا پڑے گا اور ڈیڑھ ماہ میں ٹیسٹنگ کی گنجائش بڑھانی پڑے گی۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ ضلع نگر میں کورونا کے 14 کیسز رابطوں کی وجہ سے سامنے آئے ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان کیسز میں کمی آنے لگی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تفتان سے 2 ہزار لوگ آئے ہیں، صوبے کے ہوٹلوں میں 1100 کمرے بک کیے ہیں جبکہ وفاقی حکومت نے وینٹی لیٹر نہیں دیے، چین سے مانگے ہیں جو آج آجائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ لاک ڈاؤن 15 دن جاری رہنے کے بعد ہی نتائج آئیں گے، صوبے میں ایک مہینے کے لیے پٹرول موجود ہے جبکہ ابھی تک سپلائی رکی نہیں ہے۔

پروگرام میں وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ اوروزیر صحت ترجمان بلوچستان لیاقت شاہوانی نے بھی اظہار خیال کیا۔

تازہ ترین