کراچی میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کیے گئے سرکاری لاک ڈاون کو مؤثر بنانے کے لیے پولیس نے مانیٹرنگ ایپ کا استعمال شروع کر دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اب کوئی بھی شہری لاک ڈاون کے دوران گھر سے بلا ضرورت نکلا تو ایپ کے ذریعے دستیاب شواہد کے ساتھ گرفتار کرلیا جائے گا، شہریوں کی نقل وحرکت محدود رکھنے کے لیے ایپ متعارف کرائی گئی ہے۔
موبائل فون ایپلیکیشن کو سٹے ہوم، سٹیزن مانیٹرنگ ایپ کا نام دیا گیا ہے، ڈی آئی جی آپریشن مقصود میمن نے بتایا کہ پولیس سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروس ڈویژن نے مانیٹرنگ ایپ متعارف کروائی ہے جس کا مقصد لاک ڈاؤن کے دوران شہریوں کی نقل و حرکت کو محدود رکھنا ہے۔
یہ ایپلیکیشن پولیس چیک پوائنٹس پر موجود پولیس افسران کے موبائل فونز میں انسٹال ہے، روز مرہ کی بنیاد پر شہریوں کی نقل وحرکت کا ڈیٹا پولیس کے پاس محفوظ ہوتا رہے گا۔
مقصود میمن کے مطابق کوئی شہری ایک دن میں بلاوجہ دو سے زائد مرتبہ نقل و حرکت نہیں کرسکے گا، ڈی آئی جی آپریشن کے مطابق ثابت ہونے پر قانونی کارروائی عمل میں لائے جائے گی، اس ایپلیکیشن میں شہری کا قومی شناختی کارڈ نمبر، فون نمبر، لوکیشن اور گھر سے نکلنے کی وجہ درج کی جائے گی۔
مقصود میمن کے مطابق یہ ایپلیکیشن شہر میں لاک ڈاؤن پر عملدرآمد مؤثر کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں تک محدود رہیں تا کہ کورونا جیسی موذی وبا سے محفوظ رہ سکیں۔