• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت تمام مزدوروں کو سوشل سکیورٹی اور ای او بی آئی میں رجسٹرڈ کرے،مزدور تنظیمیں

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) پاکستان مزدور محاذ اور متحدہ لیبر فیڈریشن کے رہنمائوں مرکزی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تمام مزدوروں کو ان کا تعلق خواہ ڈیلی ویجیز سے ہو ، سیلف ایمپلائز ہوں یا اداروں کے مستقل ملازمین ہوں کی سوشل سکیورٹی اورای او بی آ ئی میں رجسٹریشن کو یقینی بنائے۔مزدور تنظیموں کے سربراہان اشتیاق چوھدری،محمد یعقوب،شوکت چوھدری، محمد اکبر،حنیف رامے،الطاف حسین بلوچ اور فضل واحد نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت جتنی جلدی ممکن ہو سکے صنعتوں اور کاروباری اداروں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ محنت کش اپنا رزق با عزت طریقے سے کما سکیں۔ لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ محنت کشوں کو کوروناسے محفوظ رکھنے کے لیے ان کو تمام حفاظتی سامان مہیا کیا جائے۔ اور انہیں تمام تر حفاظتی اقدامات سے مکمل آگاہی دی جائے۔حکومت اس بات کو یقینی بنائےکہ کوئی فیکٹری یا کاروباری ادارہ نہ تو بغیر رجسٹریشن کے کام کر سکے اور نہ ہی کوئی صنعت یا ادارہ بغیر اپوائنٹمنٹ لیٹر کے کسی مزدور کو ملازمت پر رکھ سکے ۔ مزدور رہنمائوں نے کہا کہ حکومت محکمہ محنت کو اس بات کا پابند کرے کہ وہ تمام صنعتوں ،کاروباری اداروں اور سیلف ایمپلائزکا پورا ڈیٹا جلد از جلد مکمل کرے اور اس سلسلہ میں ٹریڈ یونینز فیڈریشنز،انجمن تاجران،چیمبر آف کامرس سمیت تمام دیگر اداروں کو بھی اعتماد میں لے کر کام کرے۔تعمیرات کے شعبہ میں کام والے تمام محنت کشوں کو فوری طور پر محکمہ محنت میں رجسٹرڈ کرے اور انہیں سوشل سکیورٹی اور ای او بی آئی میں رجسٹرڈ کرنے کے انتظامات کرے۔مزدور رہنماوں نے کہا اگر محکمہ محنت نے لیبر لاز کے مطابق اپنی ڈیوٹیز سر انجام دی ہوتیں اور لیبر انسپکٹرز نے ایمانداری سے اپنے فرائض سر انجام دیئے ہوتے تو محکمہ محنت کے پاس تمام ریکارڈ موجود ہوتا اور اس بحرانی کیفیت کو سنبھالنےمیں بہت آسانی ہوتی۔انہوں نے کہا اب بھی وقت ہے کہ جتنی جلدی ممکن ہو سکے اس کام کا آغاز کیا جائے۔
تازہ ترین