• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹاک مارکیٹ، کاروباری ہفتے کے آغاز پر رجحان میں تبدیلی، 1043 پوائنٹس کی کمی، 31 ہزار کی حد سے نیچے آگیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نئے کاروباری ہفتےکے آغاز پر فروخت کے دباؤ سے پھر مندی رہی اور کے ایس ای100انڈیکس 1043پوائنٹس کی کمی سے 31ہزار کی حد سے نیچے آگیا ، سرمایہ کاری مالیت132ارب50کروڑ70لاکھ روپے گھٹ گئی ، 82فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی اور کاروباری حجم بھی گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 7.36فیصدکم رہا تفصیلات کے مطابق پیر کو مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا لیکن بعد ازاں فروخت بڑھنے کے سبب تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 1042.64پوائنٹس کی کمی سے 30579.15پوائنٹس پر بند ہوا ۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس بھی488.74پوائنٹس کی کمی سے 13526.01پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 493.37پوائنٹس کی کمی سے 22022.22پوائنٹس پر بند ہوا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر339کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے47کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ278کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور14کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں ۔مندی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت1کھرب 32ارب50کروڑ70لاکھ روپے کی کمی سے گھٹ کر 58کھرب 83ارب 89کروڑ21لاکھ روپے ہوگئی جب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم 23کروڑ33لاکھ29ہزار شیئرز رہا جو جمعہ کے مقابلے میں۱یک کروڑ85لاکھ45ہزار شیئرزکم ہے ۔گزشتہ روز قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کے حساب سے پاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمت79روپے کے اضافے سے1677روپے اورسیپ ہائر فائبر کے حصص کی قیمت38.69روپے اضافے سے554.69روپے ہوگئی جب کہ نمایاں کمی کے لحاظ سے کولگیٹ پامولو کے حصص قیمت98.99روپے کمی سے1901روپے اورسیپ ہائر ٹیکس کے حصص کی قیمت 63.30روپے کمی سے 782روپے ہوگئی ۔نمایاں کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے میپل لیف، ہیسکول پٹرو ل،کے الیکٹرک ،یونٹی فوڈز،پایونیئر سیمنٹ،فوجی سیمنٹ، بینک آف پنجاب ،آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ ،پاک پٹرولیم اور پاور سیمنٹ کے شیئرز سرفہرست رہے ۔

تازہ ترین