سندھ حکومت کے ترجمان اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے کورونا ایمرجنسی فنڈ میں شہریوں نے 74 ملین روپے بطور عطیہ جمع کرائے ہیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ہم نے شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے اور صوبائی حکومت نے کوروناوائرس ایمرجنسی فنڈ کی تمام تفصیلات پبلک کی ہیں۔ کورونا ایمرجنسی فنڈ سے متعلق تمام معلومات صوبائی محکمہ خزانہ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی ہیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہری محکمہ خزانہ کی ویب سائٹ پر سندھ کورونا ایمرجنسی فنڈکی تفصیلات تفصیل جان سکیں گے۔ محکمہ خزانہ کی ویب سائیٹ پر اضافی لنک ایڈ کیا گیا ہے۔ سندھ کورونا ایمرجنسی فنڈ میں آنے والے عطیات اور اخراجات کی تفصیل ویب سائٹ پر موجود ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس ایمرجنسی فنڈ میں سندھ حکومت نے ابتدائی طور پر تین ارب روپے رکھے تھے۔ یہ پیسہ قوم کی امانت ہے۔ یہ فنڈ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اور صحت کی سہولتوں میں اضافے کے لئے خرچ ہوگا۔
ہم مخیر حضرات اور عطیات دینے والے عام افراد کے شکر گزار ہیں۔ جنہوں نے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے کورونا ایمرجنسی فنڈ میں عطیات جمع کرائے ہیں۔