نیویارک میں کورونا کا شکار پاکستان کے مشہور گلوکار اور جنون بینڈ کے بانی سلمان احمد نے پاکستان کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ترانہ بنانے کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’جنون‘ بینڈ کے گٹارسٹ سلمان احمد نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اپنی طبعیت کے حوالے سے بتایا کہ کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد سے وہ قرنطینہ میں ہیں اور سماجی دوری اختیار کئے ہوئے ہیں۔
انہوں نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ وہ پاکستان کے مشہور و معروف فنکاروں کے ساتھ مل کر پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک حوصلہ افزاء ’تجھے سلام‘ نامی ترانہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: نیویارک میں قیامت خیز مناظر دیکھنے میں آرہے ہیں: سلمان احمد
انہوں نے بتایا کہ وہ ترانے کے حوالے سے پاکستان کے نامور آرٹسٹ نوری، مہوش حیات، ساحر علی بگا، جنید جمشید کے صاحبزادوں سمیت 20 سے 25 فنکاروں سے رابطے میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیے : ڈاکٹروں کے مطابق میں کوویڈ 19کا شکار ہوں: سلمان احمد
سلمان احمد کا کہنا تھا کہ قرنطینہ میں وہ خود بھی ترانے پر کام کررہے ہیں جبکہ پاکستان کے بہت سے نامور فنکاروں نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اپنی آواز بلند کی ہے۔