اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی وزیر برائے شہری ہوا بازی غلام سرور خان نےکہاہےجہاں دوسرے اداروں پر کرونا وائرس کی وجہ سے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں وہاں سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بھی زبر دست نقصان کاسامناکرنا پڑ رہا ہے انہوں نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی ایئر لائنوں کی پروازوں کی آمد و رفت معطل ہونے سے ایوی ایشن اتھارٹی کو اب تک ساڑھے دس ارب روپے کانقصان ہو چکاہے جبکہ غیر ملکی ائیرلائنوں کی بندش کا سلسلہ جاری ہے،ایوی ایشن اتھارٹی کو ایرو ناٹیکل چارجز کی مد میں یومیہ ڈھائی سو ملین روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعداد شمار کے مطابق مارچ کے 15دنوں کے دوران کل خسارہ 59 کروڑ 89لاکھ 50 ہزار روپے کا ہوا تھا،16مارچ سے 31مارچ تک سی اے اے کوکل 3ارب ایک کروڑ نوے لاکھ 40ہزار روپے خسارہ ہواتھا۔