• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیوں ہمیں ایک جوان کی موت پر زیادہ افسوس ہوتا ہے؟ امیتابھ بچن کا سوال

بھارتی فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار امیتابھ بچن نے سوشل میڈیا پر بالی ووڈ لیجنڈز عرفان خان اور رشی کپور کے ساتھ گُزرے کچھ خاص لمحات شیئر کردیے۔

بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن نے حال ہی میں تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے دو لیجنڈز ساتھی اداکاروں عرفان خان اور رشی کپور کے ساتھ گُزرے قیمتی اور خاص لمحات کی تصاویر کا ایک فوٹو کولاج بنا کر شیئر کیا۔


امیتابھ بچن جنہوں نے عرفان خان اور رشی کپور کے ساتھ کافی فلموں میں کام کیا ہے اُنہوں نے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں ایک سوال اُٹھایا کہ ’کیوں ہمیں ایک بزرگ شخصیت کی موت کے مقابلے میں جوان شخصیت کی موت پر زیادہ افسوس ہوتا ہے؟‘

بھارتی اداکار نے سوال کیا کہ’کیوں ہمارے لیے جوان کی موت زیادہ المناک ثابت ہوتی ہے؟‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’ہمارے لیے بزرگ کے مقابلے میں جوان کی موت اس لیے زیادہ اذیت ناک اور تکلیف دہ ہوتی ہے کیونکہ ہمیں اس جوان کو زندگی میں نہ ملنے والے قیمتی موقعوں پر افسوس ہوتا ہے۔‘

یاد رہے کہ امیتابھ بچن کی رشی کپور اور عرفان خان کے ساتھ گہری دوستی تھی جبکہ یہ دونوں لیجنڈز بالی ووڈ بِگ بی کے ساتھی اداکار بھی رہ چکے ہیں۔

گزشتہ دو سال سے کینسر سے جنگ کرنے والے اداکار عرفان خان اور رشی کپور کی موت نے امتیابھ بچن سمیت پوری بھارتی فلم انڈسٹری کو غمگین کردیا ہے، اِن  قابل اداکاروں کی موت نے بالی ووڈ کو ایک دھچکا دیا ہے۔

امتیابھ بچن اور رشی کپور نے بالی ووڈ کی بہت سی نامور فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے جن میں کبھی کبھی، قُلی، نصیب، عجوبہ، 102 ناٹ آؤٹ سمیت دیگر فلمیں شامل ہیں جبکہ عرفان خان اور امیتابھ بچن نے فلم ’پیکو‘ میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔

تازہ ترین