بیلجیئم میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں نے 8 ہزار کا ہندسہ پار کر لیا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 97 نئی ہلاکتوں کے ساتھ بیلجیئم میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 8016 ہوگئی ہے۔
بیلجیئم میں کورونا کے نئے ہلاک شدگان میں سے 57 افراد نے اسپتالوں میں جان دی جبکہ 40 افراد کی موت کیئر ہومز میں واقع ہوئی۔
فیڈرل ہیلتھ منسٹری کے مطابق ان 8016 اموات کو اگر ان کے جائے وقوع کے تناسب میں پرکھا جائے تو 46 فیصد اسپتالوں، 53 فیصد ریزیڈینشل کئیر سینٹرز جبکہ 7 فیصد گھروں اور دوسری جگہوں میں وقوع پذیر ہوئیں۔
کرائسسز سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 161 نئے کورونا پازیٹو بھی سامنے آئے ہیں۔
طبی ماہرین نے عوام سے دوبارہ اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور بتائی ہوئی احتیاطی تدابیر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔