گزشتہ ہفتے دنیا سے رخصت ہونے والے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے بہت بڑے پرستار تھے۔
ماضی میں بھارتی اخبار’ دی ٹیلی گراف‘ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں اداکار نے انکشاف کیا تھا کہ وہ اپنی جوانی میں دو پاکستانی کرکٹرز ظہیر عباس اور عمران خان کے بہت بڑے مداح ہیں۔
انٹرویو میں ایک واقعہ شیئر کرتے ہوئے عرفان خان نے بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی کا پہلا آٹوگراف پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر ظہیر عباس سے پاک بھارت میچ کے دوران لیا تھا۔
عرفان خان کا کہنا تھا کہ وہ عموماً آٹوگراف نہیں لیتے تھے لیکن ظہیر عباس کا ایک زبردست پرستار ہونے کے باعث آٹو گراف لینا لازم ہوگیا تھا۔
وزیر اعظم عمران خان کے بارے میں اپنی رائے دیتے ہوئے عرفان خان کا کہنا تھا کہ کرشماتی اور پرکشش شخصیت کے مالک عمران خان بہت خوبصورت ہیں۔
عمران خان کے باؤلنگ ایکشن کی تعریف کرتے ہوئے عرفان خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی باؤلنگ میں بہت اُچھال ہے، وہ اب بھی شاندار دکھائی دیتے ہیں۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ عرفان خان ناصرف ایک اچھے اداکار تھے بلکہ وہ ایک باصلاحیت کرکٹر بھی تھے۔
انٹرویو میں عرفان خان نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی جوانی میں ایک طویل عرصے تک کرکٹ کھیلی تھی اور وہ ایک کامیاب کرکٹر بننا چاہتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ جے پور کرکٹ ٹیم کے سب سے کم عمر آل راؤنڈر تھے، متعدد ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے بھی عرفان خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
عرفان خان نے بتایا کہ وہ اس کھیل میں دلچسپی ہونے کے باوجود معاشی مسائل کی وجہ سے کرکٹ کی دنیا میں ایک کامیاب کیریئر بنانے سے قاصر رہے۔
انٹرویو میں کھیلوں سے وابستہ پاکستانی شخصیات کے علاوہ عرفان خان نے دنیا بھر کی دیگر اسپورٹس شخصیات کو بھی سراہا جو انہیں متاثر کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔
صاف گو عرفان خان کا انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان ڈیوڈ بیکہم کے حوالے سے کہنا تھا کہ’ بیکہم اچھا ہے مگر عجیب سا ہے، سب ہی اسے سُوٹ کرتا ہے۔‘
دیگر کھلاڑیوں کے نام لیتے ہوئے عرفان خان نے بتایا کہ ایک وقت تھا کہ جب انہیں سچن ٹنڈولکر بہت پسند تھے، عرفان خان کی پسندیدہ کھلاڑیوں کی فہرست میں کپل دیو اور مہندرا سنگھ دھونی بھی شامل تھے۔
عرفان خان کا کرکٹ سے لگاؤ اور محبت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 2018 میں موذی مرض کینسر کی تشخیص کے بعد علاج کی غرض سے برطانیہ جانے والے عرفان خان اپنے علاج کے دوران بھی پاکستان کا میچ دیکھنے لارڈز اسٹیڈیم پہنچ گئے تھے۔