اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی)افغانستان سےامریکی افواج کے انخلا کی کوششوں میں تیزی آگئی ہے، امریکہ کے خصوصی نمائندہ برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے دوحہ میں طالبان کے نمائندہ ملا عبدالغنی برادر سے ملاقات کی ہے،زلمے خلیل زاد بھارت بھی جائینگے ، اسکے بعد آج پاکستان آئینگے، اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں ،معاہدہ میں پیشرفت سے آگاہ کرینگے، قطر میں طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کے مطابق ملاقات میں قیدیوں کی جلد رہائی، بین الافغان مذاکرات اور امریکہ طالبان معاہدہ پر عملدرآمد کے طریقوں پر تبادلہ خیال ہوا ہے، سہیل شاہین نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ قطر میں طالبان وفد اور خلیل زاد کی قیادت میں امریکی ٹیم سے ہونیوالی ملاقات میں قطری وزیر خارجہ کے خصوصی نمائندے ڈاکٹر مطلق القحتانی بھی موجود تھے تاہم مذکورہ ملاقات سے متعلق امریکی حکام کی جانب سے ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔