فلم اسٹار جیکی چین اور معروف انگلش موسیقار اور ریالٹی شو زکے ہوسٹ سائمن کوول کا نام بھی پاناما پیپرز میں موجود پایا گیا ہے۔
اسی طرح ڈچز آف یورک سارہ فرگوسن اور لیڈی ڈیانا کے سابق بٹلر پال بورل بھی پاناما کی لاء فرم کے ذریعے آف شور کمپنیوں کے کاروبار میں حصے دار رہے ہیں۔
پاناما پیپرز کے مطابق فلم اسٹار اور مارشل آرٹ ایکسپرٹ جیکی چین 6 آف شور کمپنیز کے مالک ہیں،جن میں جیکی چین لمیٹڈ، جمبو جیز انوسٹمنٹ اور ڈریگن اسٹریم قابل ذکر ہیں۔
35 ملین پاؤنڈ اثاثے رکھنے والے جیکی چین نے پاناما پیپرز انکشافات پر تبصرے سے گریز کیا۔سائمن کاول نے پاناما میں لاء فرم موساک فونسیکا کے بینر تلے اپنی دو آف شور کمپنیوں کی تصدیق کی ہے۔
یہ کمپنیاں 2007 ءمیں اس وقت بنائی گئیں جب وہ چھٹیاں گزارنے کیلئے اپنے من پسند تفریحی مقام بارباڈوس میں دو پلاٹس خریدے میں دلچسپی رکھتے تھے۔
57 سالہ پال بورل جو پرنسز آف ویلز لیڈی ڈیانا کے خاص ملازم رہے ہیں، پاناما میں بلیک ڈریگن گروپ کے 2008ء سے شیئر ہولڈر بتائے جارہے ہیں۔
اسی طرح لیک ہونے والے ڈاکیو منٹس کے مطابق ڈچز آف یورک سارہ فرگوسن بھی جو کہ شہزادہ اینڈریو کی سابقہ اہلیہ ہیں موساک فونسیکا کے زریعے آف شور کمپنی میں حصہ دار رہی ہیں ۔