مظفرآباد (ایجنسیاں ) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی نائب صدر و وزیر برقیات فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے آئندہ انتخابات میں حویلی سے پیپلز پارٹی دوبارہ کامیابی حاصل کریگی، وفاق کی بیساکھیوں کے سہارے اقتدار میں آنے کے خواہش مند مزید 5سال انتظار کریں۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار زیادہ تیزی نہ دکھائیں کہیں ایسا نہ کہ اسلام آباد سے کوئی امیدوار آ جائے، جس طرح باغ میں ایک لیگی امیدوار مسلط ہو ااسی طرح حویلی سے بھی کوئی ایمپورٹڈ امیدوار لینڈ کر سکتا ہے، انہوں نےکہا کہ حویلی کا حلقہ ممتاز حسین راٹھور مرحوم کے چاہنے والوں کا حلقہ ہے،ان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے عوام کے دلوں پر راج کیا اور عوام آج بھی انہیں اپنا قائد مانتے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حویلی کے عوام کی محرومیوں کے ازالے کے لئے بھرپور کردار ادا کیا ہے ، حویلی کی تعمیر و ترقی کیلئے بنیادی رکھ دی ہیں، آئندہ پانچ سال کے دوران اللہ رب العزت کی نصر ت وحمایت سے ان بنیادوں پر اقتصادی اور معاشی خوشحالی کی عمارت کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جھوٹے اعلانات کے ذریعے آزادکشمیر کے عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا، انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جنہیں پاکستان مسلم لیگ ن کے اندر شک کی نظروں سے دیکھا جاتا ہے وہ حویلی کے عوام کو فتح نہیں کر سکتے، جن لوگوں پر اپنی جماعت کی قیادت اعتبار نہیں کر تی انہیں حویلی کے عوام کیسے اعتماد دے سکتے ہیں، مفاداتی سیاست کرنیوالوں کا کوئی مستقبل نہیں اور حویلی کے باشعور عوام اقتدار پرستوں کو اچھی طرح جانتے ہیں ، آمدہ انتخابات میں انہیں 2011کی طرح ایک مرتبہ پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑ یگا۔