• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان


سیکریٹری خوراک پنجاب سے کامیاب مذاکرات کے بعد فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب نے صوبے میں ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

اس حوالے سے سیکریٹری خوراک وقاص محمود کا کہنا تھا کہ گندم کی بین الاضلاعی نقل و حمل پر پابندی ختم کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمت کا تعین 28 مئی کو ہوگا، جبکہ کسی بھی فلور مل پر چھاپے نہیں مارے جائیں گے۔

وقاص محمود نے یہ بھی کہا کہ فلور ملز تین دن کے بجائے سات دن کا گندم اسٹاک رکھ سکیں گی۔

چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب عبدالرؤف مختار کا کہنا تھا کہ کل سے پنجاب میں فلور ملز کھل جائیں گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ  آٹے کی قیمت میں حالیہ اضافہ واپس لے لیا ہے جبکہ  28 مئی کو فلور ملز ایسوسی ایشن اور محکمہ خوراک آٹے کی نئی قیمت کا تعین کرے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اور خیبرپختونخوا فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کے اعلانات کرتے ہوئے ملز بند کردی تھیں۔

تاہم اب فلورز ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے کامیاب مذاکرات کے بعد ملز کھولنے کا اعلان کردیا گیا ہے تاہم خیبرپختونخوا سے ابھی تک ایسا کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔

خیال رہے کہ ہڑتال ختم کرنے کے لیے اس سے قبل بھی فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب اور سیکریٹری خوراک کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے جو ناکام ہوگئے تھے۔

تازہ ترین